• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی، بارش سے سڑکیں، نشیبی علاقے زیر آب، پروازیں متاثر، بجلی کی فراہمی معطل

کراچی (اسٹاف رپورٹر) کراچی کے مختلف علاقوں میں جمعہ کو ہونے والی بارش کے باعث سڑکیں اور نشیبی علاقے زیر آب آگئے، سب سے زیادہ بارش فیصل بیس پر 14ملی میٹر ،کیماڑی میں 13، سرجانی ٹاؤن میں 12.4 ، ناظم آباد میں 12.5، سعدی ٹاؤن میں 12 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی، بارش کے باعث کراچی ائیر پورٹ پر مختلف پروازوں کی آمد اور روانگی متاثر ہوئی ہے، بارش کے باعث مختلف علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی، کراچی کے مختلف علاقوں میں کہیں ہلکی اور کہیں تیز بارش ہوئی جسکے باعث کئی شاہراہوں پر پانی جمع ہوگیا۔ تفصیلات کے مطابق جمعہ کو کراچی کے علاقوں نارتھ کراچی، سرجانی ٹاؤن، منگھوپیر، ناردرن بائی پاس، کورنگی انڈسٹریل ایریا اور ملیر میں بارش کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری رہا۔ آئی آئی چندریگر روڈ، صدر، اولڈ سٹی ایریا، ڈیفنس، کلفٹن، ایف بی ایریا، نیو کراچی، نارتھ کراچی، سرجانی ٹاؤن، ملیر، قائد آباد، لیاقت آباد، یونی ورسٹی روڈ، گلشن اقبال، گلستان جوہر اور صفورا چورنگی پر بارش کے بعد کچھ علاقوں میں پانی سڑکوں پر جمع رہا۔ شاہراہوں پر بلدیہ عظمیٰ کا عملہ نکاسِ آب میں مصروف ہے جبکہ ڈی ایچ اے کی سڑکوں پر بھی پانی کھڑا ہوگیا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں تیز بارش کا اسپیل تقریباً ختم ہو چکا ہے، ہلکی متعدل بارش اور بوندا باندی صبح تک جاری رہ سکتی ہے۔ دوسری جانب بارش کے باعث شہر کے مختلف علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی۔ لیاری، اولڈ سٹی ایریا، کورنگی، لانڈھی، سرجانی ٹاؤن، نارتھ کراچی، نیو کراچی، لیاقت آباد، گارڈن، ملیر اور قائد آباد میں بھی بجلی کی فراہمی معطل ہے۔اُدھر کراچی میں بارش کے بعد شہر کی مجموعی صورتِحال تو کچھ بہتر رہی لیکن ڈیفنس اور کلفٹن کی کچھ سڑکوں پر پانی جمع ہے جس سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا۔ دوسری جانب محکمہ موسمیات نے اعدادوشمار جاری کر دیئے جس کے مطابق سب سے زیادہ بارش پی اے ایف فیصل بیس پر 14ملی میٹر ریکارڈ کی گئی۔ کیماڑی میں 13ملی میٹر، سرجانی ٹاؤن میں 12.4 ملی میٹر، ناظم آباد میں 12.5، سعدی ٹاؤن میں 12 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔محکمہ موسمیات کے مطابق اورنگی ٹاؤن میں 9.7، ڈی ایچ فیز ٹو میں 9.5 ملی میٹر، گلشن حدید میں 7 ملی میٹر، پی اے ایف مسرور بیس اور قائد آباد میں 7.5 ملی میٹر بارش ہوئی۔اسی طرح نارتھ کراچی میں 6.8 ملی میٹر، جناح ٹرمینل میں 6.4 ملی میٹر، کورنگی میں 6.3 ملی میٹر اور ملیر ہالٹ پر 6 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی۔چیف میٹرولوجسٹ سردار سرفراز نے کہا کہ کراچی میں موسلا دھار بارش کا کوئی امکان نہیں ہے بارش برسانے والے سسٹم کے اثرات کراچی سے نکل گئے ہیں۔ شہر میں جمعےکو ہونے والی موسلا دھار بارش کے بعد مختلف اسپتالوں کے مختلف شعبہ جات میں بھی پانی داخل ہوگیا جس کے باعث مریضوں کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔ بارش کے بعد شہر کے مختلف سرکاری اسپتالوں میں نکاسی آب اور صفائی ستھرائی کے ناقص انتظامات کے باعث اسپتالوں کے مختلف وارڈز میں پانی جمع ہوگیا، سول اسپتال، جناح اسپتال، عباسی شہید اسپتال، سندھ گورنمنٹ لیاقتآباد اسپتال، لیاری جنرل اسپتال، سعود آباد اسپتال، قطر اسپتال اور نیو کراچی اسپتالسمیت دیگر سرکاری و نجی اسپتالوں کے مختلف وارڈز میں پانی داخل ہوگیا جس سے مریضوں کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔ اس موقع پر اندورن سندھ و بلوچستان سے آئے مریضوں کے تیماردار جو اسپتالوں میں فٹ پاتھ اور مختلف مقامات پرقیام کرتے ہیں کو کافی پریشانی ہوئی اور وہ سائبان کی تلاش میں رہے۔
اہم خبریں سے مزید