پاکستان ہاکی فیڈریشن (پی ایچ ایف) کے دفاتر میں ویرانیوں نے ڈیرے ڈال لیے۔ ملازمین کو 7 ماہ سے تنخواہوں کی ادائیگی بھی نہیں کی گئی۔
یہ مناظر پاکستان ہاکی فیڈریشن کے دفاتر کے ہیں جو نیشنل ہاکی اسٹیڈیم لاہور میں واقع ہیں۔
ان راہداریوں میں کبھی ہر وقت چہل پہل ہوا کرتی تھی اور دفاتر میں عہدیدار براجمان ہوتے تھے لیکن ایک طرف کے دروازے کو تالا لگا دیا گیا ہے جبکہ گراؤنڈ کی طرف کا دروازہ کھلارکھا گیا لیکن دفاتر میں اندھیرے چھائے ہوئے ہیں۔
صدر طارق بگٹی کئی ہفتوں سے نیشنل ہاکی اسٹیڈیم نہیں آئے ۔ پی ایچ ایف کا اس وقت کوئی سیکریٹری نہیں ہے، دیگر عہدیدار بھی دفاتر آنا چھوڑ چکے ہیں۔ نچلا اسٹاف دفتر آتا ہے لیکن ان ملازمین کو سات ماہ سے تنخواہیں نہیں ملیں۔
یہی صورتحال کراچی میں پی ایچ ایف کے ملازمین کی ہے۔ طارق بگٹی نے دسمبر میں زمے داریاں سنبھالتے ہی پی ایچ ایف کے اکاؤنٹس فریز کر دیے تھے اور اس کے بعد نہ اکاؤنٹس کھلے نہ فنڈز اکٹھے کیے گئے اور ملازمین اب تک تنخواہوں سے محروم ہیں۔