کراچی ( آن لائن ) وفاقی وزیر پیٹرولیم اور قدرتی وسائل شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ لوگوں کو صحت کی بنیادی سہولیات فراہم کرنا ہماری حکومت کی اولین ترجیح ہے اور وزیراعظم پاکستان میاں نواز شریف کی ہدایت پر طبی سہولیات کی فراہمی کے لئے حکومت ترجیح بنیاد پر اقدامات کررہی ہےوزیراعظم اس حوالے سے خصوصی دلچسپی لے رہے ہیں،ان خیالات کا اظہار انہوں نے عامر ولید الدین چشتی کی خصوصی دعوت پر دارالصحت اسپتال گلستان جوہر کراچی کے دورے کے موقع پر کیا۔اس موقع پر دیگر آفیشلز بھی موجودتھے۔ شاہد خاقان عباسی کو بریفنگ دیتے ہوئے عامرولید الدین چشتی نے بتایا کہ دارالصحت اسپتال دارلشفاء انٹرنیشنل کا ایک بہترین پروجیکٹ ہے۔ جوکہ 250بستروں پر مشتمل اسپتال برائے لیاقت کالج آف میڈیسن اینڈ ڈسپنسری ہے۔ یہ اسپتال مریضوں کو مطلوبہ تمام معیاری طبی سہولیات فراہم کرنے میں اپنی مثال آپ ہے۔ بعد ازاں مہمان خصوصی نے عامرولید الدین کی جانب سے دی گئی افطار پارٹی میں شرکت بھی کی جس میں سابق وزیر اعلی بلوچستان اخترمینگل، مفتاح اسماعیل، ایگزیکٹیو ڈائریکٹر ایڈمور شہزاد عالم، ڈاکٹر راشد نسیم خان، افضل یوسف، عرفان اسلم، کاشف ظفر، ذیشان جسانی، ڈاکٹر شرجیل حسین، ڈاکٹر شرجیل حسین، ڈاکٹر رفیق خانانی نے بھی شرکت کی۔ آخرمیں عامرولیدالدین چشتی نے مہمان خصوصی شاہد خاقان عباسی، مفتاح اسماعیل اور اختر مینگل کو شیلڈز پیش کیں۔