وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ معاشی صورتحال دیکھتے ہوئے خیبر پختونخوا کے تمام جائز مطالبات پورے کیے جائیں گے، ہمیں مل بیٹھ کر تمام مسائل کا حل نکالنا ہوگا۔
شہباز شریف نے کہا کہ ہماری تمام مشترکہ کاوشوں میں عوامی فلاح و بہبود اولین ترجیح ہوگی، وفاقی حکومت چاروں صوبوں سے ہم آہنگی کے ساتھ کام کرنے، روابط مضبوط بنانے پر یقین رکھتی ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف سے وزیر اعلیٰ خیبر پختونخواعلی امین خان گنڈاپور کی ملاقات سے متعلق وزیراعظم ہاؤس آفس نے اعلامیہ جاری کردیا، جس کے مطابق شہباز شریف نے وزیراعظم ہاؤس آمد پر وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کا خیر مقدم کیا۔
اعلامیے کے مطابق وزیراعظم نے کہا کہ چاروں صوبے وفاق کی اکائیاں ہیں، چاروں صوبے مل کر چلیں گے تو ملک ترقی کرے گا، وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا نے وزیراعظم کو صوبے کے انتظامی امور پر تفصیلی آگاہ کیا۔
وزیراعظم آفس کے مطابق علی امین گنڈاپور نے کہا کہ خیبر پختونخوا کی حکومت اچھی نیت کے ساتھ آگے بڑھنا چاہتی ہے، ملکی ترقی میں اپنا مثبت کردار ادا کرنے کے لیے پُر عزم ہیں۔
اعلامیے کے مطابق ملاقات میں وزیر خارجہ اسحاق ڈار، وزیر دفاع خواجہ آصف، وفاقی وزراء احسن اقبال ، امیر مقام اور اعلیٰ سرکاری افسران بھی موجود تھے۔