پاکستان ہاکی فیڈریشن (پی ایچ ایف) کے سیکریٹری کا عہدہ ’ایک‘ اور دعوے دار ’دو‘ ہیں۔ ایک روز پہلے رانا مجاہد نے پی ایچ ایف کانگریس اجلاس اسلام آباد میں بلایا، تو آج دوسرے دعوے دار حیدر حسین نے 19 مارچ کو کانگریس اجلاس کراچی میں طلب کر لیا۔
نامزد صدر پی ایچ ایف طارق بگٹی کا کہنا ہے کہ وہ 21 مارچ کو ہونے والے اجلاس میں شرکت کرکے اعتماد کا ووٹ لیں گے۔
سابق نگراں وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ نے خالد سجاد کھوکھر کے مستعفی ہونےکے بعد طارق بگٹی کو پاکستان پاکی فیڈریشن کا صدرنامزد کیا، انہیں کانگریس کے اجلاس میں اعتماد کا ووٹ لینا ہے، لیکن ایک ماہ سے زیادہ ہو گیا طارق بگٹی نے اعتماد کا ووٹ نہیں لیا، بلکہ ایک ماہ تک سیکریٹری کی کرسی بھی خالی رہی اور اب اچانک سیکرٹری کے عہدے پر دو دعوے دار سامنے آگئے، اولمپین رانا مجاہد اور حیدر حسین۔ دونوں نے الگ الگ کانگریس کا اجلاس طلب کرلیا۔
ایک روز پہلے رانا مجاید نے 21 مارچ کو کانگریس اجلاس اسلام آباد میں طلب کیا تو آج حیدر حسین نے 19 مارچ کو کراچی میں اجلاس بلالیا۔
حیدر حسین کہتے ہیں عدالت انہیں سیکریٹری کے عہدے پر بحال کرچکی ہے۔ 19 تاریخ کے اجلاس میں اگر طارق بگٹی شریک نہیں ہوئے اور اعتماد کا ووٹ نہیں لیا تو کسی اور کو صدر بنایا جائے گا۔
پی ایچ ایف کے نامزد صدر طارق بگٹی نے جیو نیوز سے گفتگو میں کہا کہ وہ 21 مارچ کے اجلاس میں شرکت کریں گے باقی کوئی اور اجلاس بلاتا ہے تو انہیں اس سے کوئی سروکار نہیں۔