• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

طلاق لینے کا ارادہ رکھنے والی لڑکیاں سوچ سمجھ کر فیصلہ کریں: ماہ نور حیدر کا مشورہ

اداکارہ و ماڈل ماہِ نور حیدر---فائل فوٹو
اداکارہ و ماڈل ماہِ نور حیدر---فائل فوٹو 

پاکستان شوبز انڈسٹری کی اُبھرتی ہوئی اداکارہ و ماڈل ماہِ نور حیدر نے لڑکیوں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ طلاق کا فیصلہ سوچ سمجھ کر کریں۔

حال ہی میں اداکارہ ماہِ نور حیدر نے ایک انٹرویو کے دوران مختلف موضوعات سمیت اپنی کم عمری میں ہونے والی شادی اور علیحدگی سے متعلق بھی کھل کر بات کی۔

یاد رہے کہ اداکارہ ماہِ نور حیدر کی 2020ء میں طلاق ہو گئی تھی۔

انہوں نے کڑے وقت میں اپنے والدین کی جانب سے ملنے والے حوصلے اور حمایت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ بہت سی لڑکیاں اپنے والدین کی اس سپورٹ سے محروم ہوتی ہیں۔

ماہِ نور حیدر نے طلاق لینے کا ارادہ رکھنے والی لڑکیوں کو مخاطب کرتے ہوئے اُنہیں تاکید کی کہ وہ طلاق لینے یا علیحدگی اختیار کرنے سے قبل اپنے حالات سے متعلق اچھی طرح سوچ سمجھ لیں اور پھر کوئی فیصلہ یا قدم اٹھائیں۔

ماہ نور نے اپنی طلاق کا تلخ تجربہ شیئر کرتے ہوئے کہا کہ میرا تجربہ دوسروں سے بہت مختلف ہے، یہی وجہ ہے کہ میں نے کبھی اس بارے میں کھل کر بات نہیں کی کیونکہ میں یہ نہیں چاہتی کہ کوئی مجھ سے متاثر ہو کر غلط فیصلہ کر بیٹھے۔

اداکارہ و ماڈل کا مزید کہنا تھا کہ میرا خیال ہے کہ خواتین کے پاس کوئی نہ کوئی ہنر اور تعلیم ہونے کے ساتھ ان کا مالی طور پر خود مختار ہونا بھی بہت ضروری ہے۔

یاد رہے کہ جیو انٹرٹینمنٹ کے ڈرامہ سیریل ’کھائی‘ میں ’اپانا‘ کا کردار ادا کرنے والی ماہ نور حیدر نے اس سے قبل ایک ایک میگزین کو یوٹیوب پر انٹرویو دیا تھا۔

ماہِ نور حیدر کا کہنا تھا کہ اُن کی شادی محض 22 سال کی عمر میں ہوگئی تھی، انہوں نے ابھی بس کالج کی پڑھائی ہی ختم کی تھی کہ شادی ہو گئی تھی۔

ماہِ نور کا کہنا تھا کہ اُن کا 21 سال کی عمر میں رشتہ طے ہوا تھا، 22 سال کی عمر میں شادی اور رخصتی کے چار سال بعد 2020ء میں طلاق ہوئی تھی۔

اداکارہ کا کہنا تھا کہ اِن کے سابق سسرالی آج بھی اُن کی قدر اور عزت کرتے ہیں، اُن کی سابق ساس اُن کے لیے اُن کی اپنی سگی والدہ کی طرح محترم ہیں۔

اداکارہ ماہِ نور کا کہنا تھا کہ اُن کی طلاق ہوگئی ہے لیکن اُن کے اپنے سابق شوہر کے ساتھ تعلقات طلاق کے بعد پہلے سے زیادہ بہتر ہو گئے ہیں۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید