• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وزیرِ اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور کے 2 مقدمات میں وارنٹِ گرفتاری منسوخ

وزیرِ اعلیٰ خیبر پختون خوا علی امین گنڈاپور—فائل فوٹو
وزیرِ اعلیٰ خیبر پختون خوا علی امین گنڈاپور—فائل فوٹو

وزیرِ اعلیٰ خیبر پختون خوا علی امین گنڈاپور کے 2 مقدمات میں وارنٹِ گرفتاری منسوخ کر دیے گئے۔

اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ میں وزیرِ اعلیٰ کے پی علی امین گنڈا پور سول جج قدرت اللّٰہ کی عدالت میں پیش ہوئے۔

تھانہ بنی گالہ کے مقدمے میں وارنٹ کی منسوخی کے لیے علی امین گنڈاپور عدالت میں پیش ہوئے۔

ان کے وکیل راجہ ظہورنے استدعا کی کہ الیکشن کے سبب علی امین گنڈا پور عدالت نہیں آ سکے، وارنٹِ گرفتاری منسوخ کیے جائیں۔

حاضری کے بعد عدالت نے علی امین گنڈاپور کے وارنٹِ گرفتاری منسوخ کر دیے۔

وکیل راجہ ظہور نے پھر استدعا کی کہ علی امین گنڈاپور کو آئندہ سماعت کے لیے حاضری سے استثنیٰ دیا جائے۔

سول جج قدرت اللّٰہ نے کہا کہ حاضری سے استثنیٰ کی درخواست دے دیں، اس کو دیکھ لیتے ہیں۔

عدالت نے علی امین گنڈاپور کے خلاف تھانہ بنی گالہ میں درج مقدمے پر سماعت 17 اپریل تک ملتوی کر دی۔

وزیرِ اعلیٰ خیبر پختون خوا علی امین گنڈاپور تھانہ گولڑہ میں درج مقدمے میں جج عبد الغفور کاکڑ کی عدالت میں بھی پیش ہوئے۔

اس موقع پر وزیرِ اعلیٰ خیبر پختون خوا علی امین گنڈاپور کے وکیل کی جانب سے وارنٹِ گرفتاری منسوخ کرنے کی استدعا کی گئی۔

وکیل راجہ ظہور الحسن نے عدالت کو بتایا کہ علی امین گنڈاپور الیکشن کی مصروفیات کے باعث پیش نہیں ہو سکے تھے۔

تھانہ گولڑہ کے مقدمے میں عدالت نے علی امین گنڈاپور کے وارنٹِ گرفتاری منسوخ کر دیے۔

عدالت نے وزیرِ اعلیٰ خیبر پختون خوا علی امین گنڈاپور کے خلاف تھانہ گولڑہ میں درج مقدمے کی سماعت 17 اپریل تک ملتوی کر دی۔

واضح رہے کہ وزیرِ اعلیٰ خیبر پختون خوا علی امین گنڈاپور پر اقدام قتل، عوام کو اکسانے اور سرکاری اداروں کے خلاف سازش کی دفعات کے تحت مقدمات درج ہیں۔

قومی خبریں سے مزید