لاہور کے دکانداروں کو احترامِ رمضان کا بھی پاس نہیں، جو ناصرف پھل اور سبزیاں مقرر کردہ سرکاری نرخوں سے زائد میں فروخت کرنے لگے بلکہ انہوں نے مرغی اور انڈے بھی مہنگے کر دیے۔
لاہور میں پیاز کی سرکاری قیمت 190 روپے کلو مقرر ہے جو مارکیٹ میں 250 روپے کلو فروخت ہونے لگی۔
ٹماٹر کی سرکاری قیمت 95 روپے کلو ہے جو مارکیٹ میں 130 روپے کلو مل رہا ہے، لہسن کا سرکاری ریٹ 595 روپے کلو ہے جو 750 روپے کلو فروخت ہو رہا ہے۔
ادرک کے سرکاری نرخ 520 روپے کلو مقرر ہیں جو مارکیٹ میں 650 روپے کلو میں مل رہی ہے، لیموں چائنہ کے سرکاری ریٹ 100 روپے کلو مقرر ہیں جو 150 روپے کلو مل رہا ہے، آلو کا سرکاری ریٹ 53 روپے کلو ہے، جو 80 روپے کلو فروخت ہو رہے ہیں۔
لاہور میں پھلوں کی بھی سرکاری نرخوں کے برعکس بدستور مہنگے داموں فروخت جاری ہے۔
درجۂ اوّل کے سیب کی سرکاری قیمت 325 روپے کلو مقرر ہے جو 400 فی کلو میں فروخت ہونے لگے۔
کیلا درجۂ اوّل کے سرکاری ریٹ 193 روپے درجن ہیں، جو مارکیٹ میں 250 روپے میں دستیاب ہے۔
بدانہ انار کے سرکاری ریٹ 720 روپے کلو مقرر ہیں، جو بازار میں 1 ہزار روپے میں دستیاب ہے۔
امرود 190 روپے کے بجائے 250 روپے کلو، کنو 330 روپے کے بجائے 500 روپے درجن میں دستیاب ہیں۔
پپیتا 220 روپے کے بجائے 320 روپے کلو، کھجور ایرانی 480 روپے کے بجائے 600 سے 800 روپے فی کلو میں دستیاب ہے۔
لاہور میں مرغی کے گوشت کی قیمت میں 15 روپے فی کلو اضافہ کر دیا گیا ہے جس کے بعد مرغی کے گوشت کی قیمت 619 روپے فی کلو سے بڑھ کر 634 روپے فی کلو ہو گئی۔
انڈے فی درجن قیمت میں 2 روپے کے اضافے کے بعد 273 روپے سے بڑھ کر 275 روپے درجن ہو گئے۔