• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

امارت اسلامی افغانستان کے قائم مقام وزیر صنعت و تجارت الحاج نورالدین عزیزی اور پاکستان کے نائب وزیر تجارت محمد خرم آغا کی قیادت میں دو طرفہ تجارت پر معاہدہ کیا گیا ہے۔

دو روزہ مذاکرات میں تجارت کو سیاست سے الگ اور عوام کے مفادات مدنظر رکھنے پر اتفاق ہوا ہے۔ اجلاس میں بغیر رکاوٹ کے تجارتی اور راہداری تعلقات پر زور دیا گیا۔ 

وفود نے افغانستان پاکستان ٹرانزٹ ایگریمنٹ معاہدہ کو دو ماہ میں حتمی شکل دینےکا فیصلہ ہوا۔ معاہدے کے تحت پاکستان کراچی بندر گاہ پر کنٹینرز سے علاقائی کنٹینرز میں سامان منتقلی میں سہولت دیگا۔ 

پاک افغان وفود کے درمیان ترجیحی تجارت سے متعلق معاہدہ ہوا۔ پاک افغان وفود کا ایک سال کیلئے ٹرکوں کی آمد و روفت کیلئے عارضی آزاد اجازت نامے پر بھی اتفاق ہوا۔

عارضی آزاد اجازت معاہدہ مئی 2024 سے نافذ ہوگا۔ پاک افغان ہوائی اڈوں کے ذریعے ملٹی ماڈل ایئر ٹرانزٹ کی شکل میں سامان منتقلی کا بھی معاہدہ ہوا۔ معاہدے کے تحت اگلے دو ماہ میں ملٹی ماڈل ایئر ٹرانزٹ شروع کیا جائے گا۔

معاہدہ کے تحت افغانستان کے ٹرانزٹ سامان سے متعلق پاکستان ایک ہفتے میں بینک گارنٹی کی شرط ختم کرے گا۔ حسب سابق انشورنس کو کافی سمجھا جائےگا۔ 

پاکستانی وفد کے مطابق مشاورت سے دیگر رکاوٹیں دور کرنے کے لیے اقدامات کریں گے۔ وفود کا بارڈر تجارت سے باز رہنے، بینکنگ تعلقات قائم کرنے اور ترقی دینے پر اتفاق ہوا ہے۔ 

ترجمان امارت اسلامی ذبیح اللّٰہ مجاہد نے کہا پاکستان نے بین الاقوامی قیمت پر کوئلہ خریدنے پر آمادگی کا اظہار کیا ہے۔ 

امارت اسلامی کے وفد کی قیادت تجارت کے قائم مقام وزیر نورالدین عزیزی نے کی۔ جبکہ پاکستانی وفد کی قیادت نائب وزیر تجارت محمد خرم آغا نے کی۔

قومی خبریں سے مزید
تجارتی خبریں سے مزید