• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

دوستی کا ہاتھ، شاہ نے کیتھڈرل کیلئے ریکارڈ شدہ پیغام بھیج دیا

لندن (پی اے) شاہ چارلس نے مائونڈی میں سروس کیلئے اپنا ریکارڈ شدہ پیغام بھیج دیا ہے، جس کا عنوان دوستی کا ہاتھ رکھا گیا ہے۔ شاہ نے اپنے اس ریکارڈ شدہ پیغام میں ضرورت کی اس گھڑی میں دوستی کا ہاتھ بڑھانے والوں کی تعریف کی ہے۔ یہ پیغام اب وورسیسٹر کیتھڈرل میں چلایا جائے گا۔  کینسر کے علاج کی وجہ سے شاہ اس میں شریک نہیں ہوں گے اور ملکہ کمیلہ ان کی جانب سے مائونڈی کی روایتی رقم ادا کریں گی۔ شاہ کے ہم عمر75سالہ مرد اور خواتین کو یہ علامتی تحفہ ملے گا۔ شاہ کا پیغام مارچ کے وسط میں ریکارڈ کیا گیا تھا، اس میں بائبل کا ایک باب اور قوم کے نام ایک پیغام شامل ہے، جس میں کہا گیا ہے کہ ہمیں ان لوگوں کی مدد سے استفادہ کرنے کی خاص طورپر ضرورت ہے، جنھوں نے مشکل وقت میں دوستی کا ہاتھ بڑھایا ہے۔ اگرچہ انھوں نے براہ راست اپنی صحت یا شہزادی ویلز کے کینسر کے علاج کا ذکر نہیں کیا ہے لیکن اپنے پیغام میں کہا ہے ہمیں ایک دوسرے کی مدد اور دیکھ بھال کرنی چاہئے۔ انھوں نے اپنی تاجپوشی کے دوران ادا کیا ہوا یہ جملہ بھی دہرایا ہے کہ خدمت کرائو نہیں بلکہ خدمت گار بنو۔ Maundy سروس، جس میں شاہ نے تحفے دیئے ہیں، 13 ویں صدی سے بھی قبل شاہ جون کی شاہی تقریبات میں سے ایک ہے،17 ویں صدی میں جیمز دوم کے عہد تک شاہ حضرت عیسیٰ کی جانب سے اپنے پیروکاروں کے پیر دھونے کے واقعے کی طرح شاہ بھی غریبوں کے پیر دھویا کرتے تھے۔ اب اس تقریب میں چرچ اور لوکل کمیونٹی کی مدد کرنے والے 75 سال مردو خواتین کو سکوں سے بھرے ہوئے پرس دیئے جاتے ہیں۔ اس سال لوگوں کو Tudor dragon کی شبیہ کے 5 پائونڈ کے سکے اور رائل نیشنل لائف بوٹ انسٹی ٹیوشن کی 200 ویں سالگرہ پر جاری کیا گیا 50 پنس کا ایک سکہ اور خصوصی طورپر بنائے گئے چاندی کے Maundy سکے شامل ہوں گے۔ شاہ کے پیغام میں یہ مائونڈی رقم حاصل کرنے والوں کی رحم دلی کی شاندار مثال قرار دے کر تعریف کی گئی ہے، یہ دوسری تقریب ہوگی، جس میں شاہ کی جگہ ملکہ کمیلہ شریک ہوں گی۔ شاہ کینسر کے علاج کی وجہ سے ایسی تقریبات میں شریک نہیں ہورہے ہیں، جہاں ہجوم زیادہ ہوتا ہو لیکن وہ اتوار کو سینٹ جارج چیپل میں ایسٹر کی سروس میں شریک ہوں گے۔ ایسٹر کی یہ ایک چھوٹی سی تقریب ہوگی۔ شہزادہ اور شہزادی ویلز اور ان کے بچے اس تقریب میں شریک نہیں ہوں گے کیونکہ کیتھرائن اب روبہ صحت ہورہی ہیں۔ شاہ نے دولت مشترکہ کی سالانہ سروس کیلئے بھی اس مہینے کے شروع میں ایک ویڈیو پیغام بھیجا تھا لیکن اطلاعات کے مطابق ووسیسٹر کیتھڈرل میں ویڈیو کی سہولت موجود نہ ہونے کی وجہ سے صرف آڈیو پیغام سنایا جائے گا۔ اس سروس سے قبل بادشاہت کے مخالف گروپ ری پبلک نے ایک بیان جاری کیا ہے، جس میں کہا گیا ہے کہ بادشاہت برطانوی جمہوریت کیلئے بری چیز ہے او ر ملکہ کی وورسیسٹر آمد سے پتہ چلتا ہے کہ بادشاہت ہماری اقدار سے کتنی ناواقف ہے۔

یورپ سے سے مزید