• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

گریٹر مانچسٹر میں چاقو زنی کی وارداتیں، دفعہ 60 نافذ کر دی گئی

گریٹر مانچسٹر/ بولٹن( ابرار حسین ) گریٹر مانچسٹر میں چاقو زنی کی وارداتوں میں خطرناک حد تک اضافہ ، گزشتہ ہفتے بری ٹاون سنٹر میں ہونے والی چاقو زنی کی وارداتوں کے بعد بولٹن میں بھی پولیس حکام کیلئے چیلنج کھڑاہوگیا۔ بولٹن کے ایک گاؤں لٹل لیور میں سماج مخالف رویئے کے بعد گریٹر مانچسٹر پولیس کی اسٹاپ اینڈ سرچ پاورز بڑھا دی گئیں۔ بتایا گیا ہے کہ لٹل لیور میں نوجوانوں کے گروہ ٹیسکو، مارکیٹ اور دی ایونیو کے ارد گرد عام لوگوں کیلئےپریشانی کا باعث بن رہے ہیں جس کے نتیجے میں گریٹر مانچسٹر پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے دفعہ 60نافذ کر دی ہے ۔جی ایم پی بولٹن ساؤتھ کے فیس بک پیج پر پوسٹ میں کہا گیا کہ انسپکٹر میڈڈاکس نے لٹل لیور کے ایک علاقے میں نوجوانوں کے گروہ کو منتشر کرنے کے آرڈر کی اجازت دی ہے۔ لٹل لیور میں زیادہ تر مارکیٹ اسٹریٹ، ٹیسکو میں بڑے پیمانے پر غیر سماجی رویے کے خلاف اطلاعات موصول ہونے پر بتایا گیا کہ بعض نامعلوم نوجوانوں کے گروہوں کی طرف سے لوگوں کو ہراساں کیا جا رہا ہے جس سے کمیونٹی شدید پریشانی کا شکار نظر آتی ہے ، دوسری جانب گریٹر مانچسٹر کے مختلف علاقوں میں چاقو کے زور پر ڈکیتی کی وارداتیں بھی کی جا رہی ہیں ۔گریٹر مانچسٹر پولیس کے ترجمان کے مطابق ڈکیتی کے شبہ میں 14سے17سال کے سات نوجوانوں کو گرفتار کیا گیا جن میں مانچسٹر کے علاقے لانگ سائٹ، ریڈش، ڈیون پورٹ، اوپن شا اوربیری شامل ہیں جہاں سے صبح کے اوائل میں بیک وقت چھاپہ مار گرفتاریاں کی گئیں۔ گریٹر مانچسٹر پولیس کے اعلیٰ حکام نے کہا کہ عوام کی جانب سے دی گئی معلومات ہماری تحقیقات میں ناقابل یقین حد تک اہم کردار ادا کرتی ہیں۔ اس لئے عوام کو چاہئے کہ وہ کسی بھی خدشہ کے پیش نظر فوری طور پر پولیس کو آگاہ کریں تاکہ پولیس بروقت کارروائی کر سکے۔

یورپ سے سے مزید