اسلام آباد (فاروق اقدس/نامہ نگار خصوصی) پاکستان اور برطانیہ کے درمیان تجارت اور سرمایہ کاری، امن وسلامتی اور ترقیاتی تعاون سمیت باہمی دلچسپی کے تمام شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مزید آگے بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا گیا ہے۔ وزارت خارجہ کے ذرائع کے مطابق یہ اتفاق رائے جمعرات کو وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور پاکستان میں متعین برطانوی ہائی کمشنر جین میریٹ کے درمیان ملاقات میں ہوا۔ یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ برطانوی ہائی کمشنر جین میریٹ ایک مرتبہ پھر اپنی سفارتی سرگرمیوں میں متحرک نظر آرہی ہیں جمعرات کو انہوں نے صدر آصف علی زرداری سے ایوان صدر میں اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار سے وزارت خارجہ میں الگ الگ ملاقاتیں کیں جبکہ گزشتہ روز انہوں نے کراچی میں سندھ کے گورنر کامران ٹیسوری اور ایم کیو ایم کے ارکان پارلیمنٹ سے ملاقاتیں کی تھیں۔