اسرائیل کے شام کے دارالحکومت دمشق میں ایرانی سفارتخانے پر فضائی حملے کے نتیجے میں 7 ایرانی فوجی افسر شہید ہوگئے۔
رپورٹس کے مطابق اسرائیلی فضائیہ کے حملے میں پاسدارانِ انقلاب کے کمانڈر رضا زاہدی، بریگیڈیئر جنرل محمد ہادی حاجی رحیمی اور 5 ایرانی فوجی افسر شہید ہوئے۔
اسرائیلی حملے سے سفارتخانے کا قونصلر سیکشن تباہ ہوگیا جبکہ ایرانی سفیر حملے میں محفوظ رہے۔
ایران نے اس حملے کے بعد ردعمل میں کہا ہے کہ اسرائیلی اقدام عالمی قوانین اور ویانا کنونشن کی خلاف ورزی ہے، اقوام متحدہ ایرانی سفارتخانے پر حملے کی مذمت کرے۔
ایران کی جانب سے کہا گیا ہے کہ اقوام متحدہ جارح کے خلاف ضروری کارروائی کرے۔
علاوہ ازیں ایران کے وزیرِ خارجہ امیرعبدالہیان نے شامی ہم منصب کو ٹیلی فون کیا اور کہا کہ حملے کا ذمہ دار اسرائیل ہے، حملے پر نتائج کی ذمہ داری اسرائیل پر ہوگی۔
ایرانی وزیرِ خارجہ امیرعبدالہیان کا کہنا تھا کہ دانشمندی کے ساتھ وقت پر جواب دیا جائے گا۔