حافظ نعیم الرحمان امیر جماعت اسلامی پاکستان منتخب ہوگئے۔
حافظ نعیم الرحمان جماعت اسلامی کے چھٹے امیر منتخب ہوئے ہیں، وہ 2029 تک جماعت اسلامی کے امیر رہیں گے۔
نئے امیر کےانتخاب کیلئے جماعت اسلامی کے 45 ہزار سے زائد ارکان نے ووٹ ڈالا، حافظ نعیم الرحمان 80 فیصد سے زائد ووٹ لے کر امیر منتخب ہوئے۔
ترجمان جماعت اسلامی قیصر شریف کا کہنا ہے کہ امیر جماعت اسلامی کا انتخاب آئندہ 5 سال کے لیے ہوا ہے، دستور کے مطابق جماعت اسلامی میں ہر سطح پر باقاعدگی سے انتخابات ہوتے ہیں، جماعت اسلامی کسی فرد یا خاندان کی نہیں بلکہ ہر رکن اور کارکن کی ہے۔
قیصر شریف نے کہا کہ ملک بھر سے 46 ہزار اراکین نے اپنا ووٹ خفیہ بیلٹ کے ذریعے کاسٹ کیا، مرکزی مجلس شوریٰ نے اراکین کی رہنمائی کے لیے تین نام تجویز کیے تھے، امیر جماعت کیلئے 3 ناموں میں سراج الحق، لیاقت بلوچ، حافظ نعیم الرحمان شامل تھے۔
انہوں نے کہا کہ سراج الحق اپنی دوسری دفعہ مدت امارات 8 اپریل کو پوری کر رہے ہیں۔