کراچی(اسٹاف رپورٹر)سائٹ ایریا میں ڈاکوؤں نے فائرنگ کرکے پولٹری سروس کے کیشر اور آفس بوائے کو قتل کردیا اور ایک کروڈ 35 لاکھ روپے لوٹ کر فرار ہوگئے،تفصیلات کے مطابق سائٹ اے تھانے کی حدودسائٹ ایریا میٹرول بلاک 4 فاطمہ مسجد آغا خان فلیٹس کے قریب موٹر سائیکل سوار 2 مسلح ملزمان نے آلٹو کار نمبرAPD325کو روک کر کار میں سوار55 سالہ شیر عالم ولد شیرزادہ اور 30 سالہ محمد ذاکر ولد ابراہیم عباسی پر فائرنگ کردی اور اور گاڑی میں موجود 1 کروڈ 35 لاکھ روپے لوٹ کر فرار ہوگئے،فائرنگ کے نتیجے میں مذکورہ دونوں اشخاص زخمی ہوگئےجنہیں فوری طور پر عباسی اسپتال منتقل کیا گیا جہاں پر وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دوران علاج جانبحق ہوگئے،پولیس کا کہنا ہے کہ متوفی شیر عالم اور محمد ذاکرعمران پولٹری سروس کے ملازم تھے ،پیر کی صبح اپنے دفتر واقع مکان نمبرF-29میٹروول سائٹ بلاک 4 سے1کروڈ35 لاکھ روپے کی رقم لیکر بنک میں جمع کرانے کے لئے کار میں سوار ہوکر نکلے تھے کہ موٹر سائیکل سوار ملزمان نے تعاقب کے بعد اسلحہ کے زور پر متوفین سے رقم لوٹنے کی کوشش کی مزاحمت پر ملزمان نے فائرنگ کرکے شیر عالم اور محمد ذاکر کو قتل کردیا اور فرار ہوگئے،پولیس نے واقعے کا مقدمہ درج کرکے تحقیقات شروع کردی ۔صوبائی وزیر داخلہ ضیاءالحسن لنجار نے روایتی طورپر واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے صرف ایس ایچ او تھانہ سائٹ اے کو فوری معطل کرنے کے احکامات جاری کرتے ہوئے ایس ایس پی کیماڑی کو تعمیلی رپورٹ دینے وقوعہ کی جامع انکوائری اور ایچ او کی جرائم کے خلاف گزشتہ و حالیہ کارکردگی سمیت تعیناتی کا دورانیہ طلب کرلیا ہے۔