• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عمران قید میں ہوکر آزاد، پی ٹی آئی قیادت آزاد ہوکر بھی قید، مزمل اسلم

ٹوکیو(عرفان صدیقی)خیبر پختونخوا کے مشیر خزانہ مزمل اسلم نے کہا ہے کہ عمران خان قید میں ہو کر بھی آزاد ہیں جبکہ پاکستان تحریک انصاف کی قیادت آزاد ہو کر بھی قید میں ہے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان جلد عوام کے درمیان ہوں گے اور ان کی رہائی کے لیے تحریک وزیراعلیٰ علی امین گنڈہ پور کی سربراہی میں جاری ہے۔یہ بات انہوں نے جاپان کے دارالحکومت ٹوکیو میں  خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ ان کا کہنا تھا کہ سیاسی بےچینی اپنی جگہ، مگر خیبر پختونخوا کی حکومت معاشی میدان میں بھرپور طریقے سے سرگرم ہے اور سوبے کو 300 ارب روپے کے سرپلس میں لے آیا گیا ہے۔ معاشی نظم و ضبط کے ذریعے مالی مشکلات پر قابو پایا جا چکا ہے۔انہوں نے کہا کہ صوبے کا بس ریپڈ ٹرانزٹ (BRT) منصوبہ ایشیا کا ایک مثالی منصوبہ بن چکا ہے، جسے پانچ بین الاقوامی ایوارڈز مل چکے ہیں۔ اس منصوبے سے روزانہ تین لاکھ مسافر استفادہ کر رہے ہیں جبکہ حکومت سالانہ چار ارب روپے کی سبسڈی فراہم کر رہی ہے۔مزمل اسلم نے کہا کہ وہ اوساکا میں ایکسپو پاکستان میں شرکت کے لیے جاپان آئے ہیں اور ٹوکیو و اوساکا میں خیبر پختونخوا کے لیے سرمایہ کاری کانفرنسوں کا بھی انعقاد کر رہے ہیں، جن میں بڑی تعداد میں جاپانی سرمایہ کار شریک ہوں گے۔حالیہ مالیاتی اسکینڈلز پر تبصرہ کرتے ہوئے انہوں نے واضح کیا کہ یہ معاملہ ٹھیکے داروں کا ہے اور اسے نیب کے حوالے کر دیا گیا ہے، جس میں حکومت یا کسی سیاسی رکن کا کوئی کردار نہیں۔
اہم خبریں سے مزید