لاہور(خالدمحمودخالد) ایسے وقت میں جب بھارتی وزیر خارجہ سرحدی جھڑپوں کے بعد پہلی بار چین کے دورے کی تیاری کر رہے ہیں۔تبت کے روحانی پیشوا دلائی لاما کی جانشینی کے معاملے پر بھارت اور چین کے درمیان سفارتی کشیدگی میں شدت آگئی ہے۔ دلائی لاما کی 90ویں سالگرہ کی تقریب میں بھارت کے سینئر وزراء کی شرکت اور دلائی لاما کی جانب سے جانشینی کے حوالے سے دیے گئے بیان نے ایک مرتبہ پھر بیجنگ کو ناراض کر دیا ہے۔ دلائی لاما نے تقریب کے دوران واضح کیا کہ اُن کی جانشینی میں چین کا کوئی کردار نہیں ہوگا لیکن چین کا مؤقف ہے کہ دلائی لاما کی جانشینی کی منظوری بیجنگ حکومت دے گی۔ دلائی لاما 1959 میں تبت میں چینی حکمرانی کے خلاف ناکام بغاوت کے بعد سے بھارت میں جلاوطنی کی زندگی گزار رہے ہیں۔