• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پولیس کا حساس ادارے کے افسر کو دوران ڈکیتی قتل کرنے والے ملزم کو گرفتار کرنے کا دعویٰ

کراچی( اسٹاف رپورٹر )پولیس نے شیر شاہ میں حساس ادارے کے افسر کو دوران ڈکیتی قتل کرنے والے ملزم کو مقابلے کے بعد زخمی حالت میں گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔ایس ایس پی کیماڑی کیپٹن(ر) فیضان علی کے مطابق 31مارچ کو شیر شاہ پل کے قریب موٹر سائیکل سوار دو مسلح ملزمان نے حساس ادارے کے آفیسر میجر سعد شیخ کو لوٹنے کی کوشش کی اور دوران مزاحمت فائرنگ کر کے انھیں زخمی کرنے کے بعد فرار ہو گئے۔میجر سعد شیخ کو جسم کے مختلف حصوں پر چار گولیاں لگی تھیں۔وہ 8 روز اسپتال میں زیر علاج رہنے کے بعد گذشتہ روز زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے شہید ہو گئے تھے۔ایس ایس پی کیماڑی کے مطابق جائے وقوعہ سے ملحقہ علاقوں سے سی سی ٹی وی فوٹیجز کی جانچ،تکنیکی ذرائع کے استعمال ،کئی روز کی ریکی و پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے ملزمان کا سراغ لگایا گیا۔انہوں نے بتایا کہ واقعہ میں ملوث ایک ملزم کی منگل کو سائٹ ایریا میں موجودگی کی اطلاع پر پولیس پارٹی موقع پر پہنچی تو ملزم نے پولیس پر فائرنگ شروع کر دی۔جوابی کارروائی میں ملزم کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا۔ملزم کی شناخت عثمان عرف چٹیا کے نام سے ہوئی جس کے قبضے سے آلہ قتل ایک عدد پستول بمع رائونڈ برآمد کیا گیا۔انہوں نے بتایا کہ ملزم نے دوران تفتیش میجر سعد شیخ پر فائرنگ کا اعتراف کرتے ہوئے بتایا کہ واردات کے روز اسکا الطاف نامی ساتھی اس کے ہمراہ تھا اور واردات کے دوران میجر سعد شیخ کی جانب سے مزاحمت کرنے پر انہوں نے فائرنگ کی اور اپنی موٹر سائیکل موقع پر چھوڑ کر فرار ہونے کے بعد کچھ فاصلے پر راہگیر سے موٹر سائیکل چھین کر فرار ہوئے۔پولیس کا دعویٰ ہے کہ ملزم کے قبضے سے برآمد ہونے والا پستول ہی میجر سعد شیخ پر فائرنگ میں استعمال ہوا تھا۔ملزم سے برآمدہ اسلحے کو فرانزک ٹیسٹ کے لیے لیبارٹری بھیجا جا رہا ہے جبکہ ملزم کے ساتھی کی تلاش جاری ہے۔
ملک بھر سے سے مزید