• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

یو اے ای میں طوفانی بارش، نظام زندگی متاثر، بیشتر علاقوں کیلئے ریڈ الرٹ جاری

کولاج فوٹو: سوشل میڈیا
کولاج فوٹو: سوشل میڈیا

متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کے مختلف علاقوں میں طوفانی بارشوں نے نظام زندگی متاثر کردیا، کئی علاقوں میں بارش کے دوران اندھیرا چھا گیا۔ محکمہ موسمیات نے بیشتر علاقوں کےلیے ریڈ الرٹ جاری کردیا جبکہ اسکولوں میں آن لائن کلاسز اور دفتروں کےلیے ورک فرام ہوم کی ہدایات جاری کردی گئیں۔

ابوظبی سے عرب میڈیا کے مطابق محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ ملک بھر میں موسم کی صورتحال خراب ہے، عوام چوکس رہیں۔

حکام نے اعلان کیا کہ موسمی حالات کے پیش نظر کل بدھ کو تعلیمی اداروں میں آن لائن کلاسز ہوں گی، اسکول کل کےلیے آن لائن کلاسز کا اہتمام کریں۔

حکام نے بتایا کہ طوفانی بارش کے باعث دبئی ایئرپورٹ پر آپریشن 25 منٹ تک معطل تھا، اب بحال کردیا گیا۔ ایئرپورٹ کے اطراف کی شاہراوں پر بارش کا پانی جمع ہونے کے باعث سیلابی صورتحال پیدا ہوگئی۔

متحدہ عرب امارات کی مختلف ریاستوں میں وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری ہے، محکمہ موسمیات یو اے ای نے مختلف ریاستوں میں بارش کا سلسلہ کل تک جاری رہنے کا امکان ہے۔

بارش کا پانی جمع ہونے کے باعث مختلف شاہراہوں کو بند کرکے متبادل روٹس پر ٹریفک کی روانی شروع کردی گئی ہے۔

دبئی کی مرکزی سڑک شیخ زاید روڈ کے متعدد حصوں پر بارش کا پانی موجود ہے جس کے باعث ٹریفک کی روانی متاثر ہے۔

روڈ اینڈ ٹرانسپورٹ ڈپارٹمٹ نے ہدایت کی کہ عوام بارش میں غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔

متحدہ عرب امارات میں دفاتر کو بدھ کے روز ورک فرام ہوم کرنے کی ہدایت کردی گئی ہے۔

ادھر دبئی کے متعدد علاقوں میں سڑکیں تالاب بن گئیں، گھروں میں بارش کا پانی داخل ہوگیا، بڑے شاپنگ مالز میں بھی بارش کا پانی موجود ہے۔ 

دنیا کی بلند ترین عمارت برج خلیفہ کے سامنے شیخ زاید روڈ پر پانی جمع ہے، جہاں کئی گھنٹوں سے شدید ٹریفک جام ہے اور گاڑیوں کی قطاریں لگ گئیں۔

یو اے ای حکام نے عوام کو گھروں میں رہنے کی تاکید کی ہے اور کہا ہے کہ وہ صرف انتہائی ضروری کام کی صورت میں گھروں سے نکلیں۔ 

حکام نے عوام سے یہ بھی کہا کہ وہ زیادہ پانی والی جگہ سے دور تھوڑے اونچے مقام پر اپنی گاڑیاں اور موٹر سائیکل پارک کریں۔ 

بارش کے باعث متعدد گاڑیاں پانی میں بہہ گئیں جبکہ شدید ژالہ باری سے کئی گاڑیوں کی ونڈ اسکرینز بھی ٹوٹ گئیں۔ علاوہ ازیں کچھ علاقوں میں بجلی کی بندش کی شکایتیں بھی سامنے آئیں۔ 

بین الاقوامی خبریں سے مزید