کراچی( اسٹاف رپورٹر )درخشاں تھانے میں پولیس حراست میں ہلاک ہونے والے ملزم کا پوسٹ مارٹم مکمل کر لیا گیا‘پولیس سرجن ڈاکٹر سمعیہ سید کے مطابق معیز کے جسم پر تشدد کے متعدد نشان موجود ہیں اور اسکی موت طبعی نہیں ہے۔ایڈیشنل آئی جی کراچی عمران یعقوب منہاس نے ڈی آئی جی ویسٹ عرفان بلوچ کو انکوائری کا حکم اورتین دن میں رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی ہے۔درخشاں تھانے میں گذشتہ روز پولیس تشدد سے معیز نسیم نامی ملزم کی ہلاکت کے بعد علاقہ مجسٹریٹ نے لاش کو تحویل میں لے لیا تھا۔ علاقہ مجسٹریٹ رات گئے درخشاں تھانے پہنچے جہاں انہوں نے ملزم کی گرفتاری اور اس پر مبینہ تشددکے حوالے سے تفصیلات حاصل کیں۔مجسٹریٹ نے زیر حراست ایس ایچ او ، ہیڈ محرر اور ڈیوٹی افسر سے بیانات لئے جبکہ انہوں نے ایس پی نیئر کے محافظوں اور اسکواڈ اہلکاروں سے بھی پوچھ گچھ کی ۔