بھارت میں عام انتخابات کا آغاز آج سے ہورہا ہے، یہ انتخابات 7 مراحل میں یکم جون تک ہوں گے، نتائج کا اعلان چار جون کو کیا جائے گا، سب سے اہم امیدوار نریندر مودی کو قرار دیا جارہا ہے۔
عالمی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق آج 21 ریاستوں کے 102حلقوں میں ووٹ ڈالے جائیں گے۔
مودی اگر انتخابات میں کامیاب ہوجاتے ہیں تو مسلسل تیسری بار منتخب ہونے والے ملک کے دوسرے وزیرِاعظم ہوں گے، اس سے قبل جواہر لعل نہرو ملک کے واحد وزیرِ اعظم تھے جو مسلسل تین بار اس منصب تک پہنچنے میں کامیاب ہوئے تھے۔
حزبِ اختلاف کی سب سے بڑی جماعت کانگریس کا اہم چہرہ راہول گاندھی ہیں جو انتخابی میدان میں موجود ہیں۔
خبر ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق حکمران جماعت بی جے پی کو سب سے زیادہ ملک کی اکثریت ہندوؤں کی حمایت حاصل ہے۔
نریندر مودی کا مقابلہ کرنے کے لیے حزبِ اختلاف کی دو درجن جماعتوں نے ’انڈیا‘ کے نام سے سیاسی اتحاد تشکیل دیا ہے۔
واضح رہے کہ بھارت میں حکومت سازی کے لیے لوک سبھا کی 543 نشستوں میں سے 272 میں کامیابی ضروری ہے۔
الیکشن کمیشن کے مطابق ملک میں رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد 97 کروڑ ہے، الیکشن کا مرحلہ وار انعقاد انتہائی بڑی آبادی کے وسیع ملک میں پولنگ اسٹیشنز کی سیکیورٹی یقینی بنانے کے لیے کیا جاتا ہے۔
بھارت میں ہر پانچ سال بعد انتخابات کا انعقاد کیا جاتا ہے، جس کو دنیا میں کسی بھی ملک میں ہونے والا سب سے بڑا انتخابی معرکہ بھی قرار دیا جاتا ہے۔