• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
تصویر بشکریہ غیر ملکی میڈیا
تصویر بشکریہ غیر ملکی میڈیا

بھارت میں عام انتخاب 2024ء کے پہلے مرحلے کے لیے پولنگ جاری ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق پولنگ صبح 7 بجے شروع ہوئی ہے جو شام 6 بجے تک جاری رہے گی۔

بھارتی میڈیا کے مطابق 7 مرحلوں کے پہلے انتخابی مرحلے میں بھارت کی 21 ریاستوں اور مرکز کے زیرِ انتظام 102 پارلیمانی نشستوں پر ووٹ ڈالے جا رہے ہیں۔

پہلے مرحلے کے انتخابات میں 16.63 کروڑ ووٹرز 1605 امیدواروں کا انتخاب کریں گے۔

یہ انتخابات 7 مراحل میں یکم جون تک ہوں گے، جن کے نتائج کا اعلان 4 جون کو کیا جائے گا، ان انتخابات کے سب سے اہم امیدوار موجودہ وزیرِ اعظم نریندر مودی کو قرار دیا جا رہا ہے۔

مودی انتخابات میں کامیاب ہونے کی صورت میں مسلسل تیسری بار منتخب ہونے والے بھارت کے دوسرے وزیرِاعظم ہوں گے، ان سے قبل جواہر لعل نہرو واحد بھارتی وزیرِ اعظم تھے جو مسلسل 3 بار اس منصب تک پہنچے تھے۔

حزبِ اختلاف کی سب سے بڑی جماعت کانگریس کی جانب سے اس کے سب سے اہم امیدوار راہول گاندھی ہیں۔

غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق حکمراں جماعت بی جے پی کو ملک کی اکثریت ہندوؤں کی حمایت حاصل ہے۔

نریندر مودی کا مقابلہ کرنے کے لیے حزبِ اختلاف کی 2 درجن جماعتوں نے ’انڈیا‘ کے نام سے سیاسی اتحاد تشکیل دیا ہے۔

واضح رہے کہ بھارت میں حکومت سازی کے لیے لوک سبھا کی 543 نشستوں میں سے 272 میں کامیابی ضروری ہے۔

بی جے پی نے 543 لوک سبھا کی نشستوں میں سے 370 نشستیں جیتنے کا ہدف مقرر کر رکھا ہے جو کہ 2019ء کے مقابلے میں بہت زیادہ ہے، جبکہ این ڈی اے نے 400 نشستوں کا ہدف مقرر کیا ہے۔

الیکشن کمیشن کے مطابق ملک میں رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد 97 کروڑ ہے، الیکشن کا 7 مرحلوں میں انعقاد انتہائی بڑی آبادی پر مشتمل وسیع ملک میں پولنگ اسٹیشنز کی سیکیورٹی یقینی بنانے کے لیے کیا جاتا ہے۔

بھارت میں ہر 5 سال بعد انتخابات کا انعقاد کیا جاتا ہے، جسے دنیا میں ہونے والا سب سے بڑا انتخابی معرکہ بھی قرار دیا جاتا ہے۔

بین الاقوامی خبریں سے مزید