اٹلی کے شہر میلان میں رات 12 بجے کے بعد آئس کریم پر پابندی کا فیصلہ تنازع کی شکل اختیار کرگیا۔
غیرملکی میڈیا کے مطابق میلان میں آئس کریم فروخت کرنے والوں نے شور کی شکایات کو دور کرنے کی کوشش کے سلسلے میں رات 12 بجے کے بعد آئس کریم بیچنے پر پابندی کے منصوبے پر شدید ردعمل کا اظہار کیا ہے۔
رپورٹس کے مطابق سٹی کونسل ہفتے کے پانچ دن رات 12.30 بجے اور ہفتہ اتوار کو 1.30 بجے کے بعد ریسٹورنٹس سے کھانا اور مشروبات کی فروخت پر پابندی لگانے پر غور کر رہی ہے۔
غیرملکی میڈیا کے مطابق اگر اس پابندی سے متعلق اجازت دے دی جاتی ہے تو اس کا اطلاق مئی میں ہو جائے گا۔
مقامی حکام کے مطابق رہائشیوں کی جانب سے شور کی شکایات پر ایسی تجویز سامنے آئی ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ آئس کریم سمیت دیگر کھانوں پر وقت کی پابندی سے سڑکوں پر لوگوں کا رش کم ہوجائے گا اور یہ شور شرابہ کم کرنے میں مددگار ہوگا۔
دوسری جانب آئس کریم کے کاروبار سے جڑے افراد نے اس تجویز کو آئس کریم کے خلاف جنگ قرار دیا ہے۔