پاکستانی سفیر عبد الحمید نے سفارت خانے کی رہائش گاہ پر جاپان کے پاکستان میں سفیر ہزایکسیلینسی اکاماتسو شوئیچی کا پرتپاک استقبال کیا۔
ملاقات میں دونوں سفیروں نے پاکستان اور جاپان کے درمیان دو طرفہ تعلقات اور باہمی دلچسپی کے مختلف امور پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا۔
ملاقات کے دوران دونوں سفیروں نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان اور جاپان کے درمیان تعلقات باہمی احترام، اعتماد اور دیرینہ دوستی کی مضبوط بنیادوں پر قائم ہیں۔
انہوں نے اس امر پر بھی اتفاق کیا کہ دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی، تجارتی اور ثقافتی تعاون کو مزید فروغ دینے کے وسیع مواقع موجود ہیں جنہیں مزید مؤثر انداز میں بروئے کار لایا جا سکتا ہے۔
اس موقع پر سفیر عبدالحمید نے جاپان کی جانب سے پاکستان کی ترقی کے مختلف شعبوں میں جاری تعاون کو سراہتے ہوئے کہا کہ جاپان پاکستان کا ایک اہم اور قابلِ اعتماد شراکت دار ہے۔
جاپان کے سفیر اکاماتسو شوئیچی نے بھی پاکستان کے ساتھ دوستانہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔
ملاقات کے اختتام پر دونوں سفیروں نے اس بات کا اعادہ کیا کہ پاکستان اور جاپان کے درمیان موجودہ دو طرفہ تعاون کو مزید وسعت دی جائے گی اور مختلف شعبوں میں مشترکہ اقدامات کے ذریعے تعلقات کو نئی بلندیوں تک پہنچایا جائے گا۔