• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کریک مرینا بے ضابطگیاں، 55 لاکھ ڈالر بینک گارنٹی کیلئے مہلت کی درخواست مسترد

کراچی ( اسٹاف رپورٹر ) سپریم کورٹ نے کریک مرینا تعمیراتی منصوبے میں مبینہ بے ضابطگیوں سے متعلق ملزم احمد قلی خان کی طرف سے 55 لاکھ ڈالر کی بینک گارنٹی جمع کرانے کیلئے مہلت کی درخواست مسترد کردی۔ چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی سربراہی میں تین رکنی بینچ کے روبرو کریک مرینا تعمیراتی منصوبہ میں مبینہ بے ضابطگیوں سے متعلق ملزم احمد قلی خان کی بینک گارنٹی جمع کرانے کی مہلت میں توسیع کی درخواست پر سماعت ہوئی۔ درخواست گزار کے وکیل نے کہا کہ سندھ ہائی کورٹ نے 2012 میں بینک گارنٹی جمع کرانے کا حکم دیا تھا۔ چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے ریمارکس دیئے کہ آپ نے بینک گارنٹی جمع نہیں کرائی 12 سال گزر گئے۔ 12 سال بعد بھی بینک گارنٹی جمع کرانے کے بجائے توسیع مانگ رہے ہیں۔ درخواست گزار کے وکیل خواجہ شمس السلام نے کہا کہ اس وقت ڈالر 70 روپے کا تھا اب 280 روپے کا ہے۔ چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ ہمیں نہیں معلوم ہم کاروباری لوگ نہیں ہیں۔ آپ کو کورٹ نے ریلیف دیا تھا مگر آپ نے گارنٹی ہی جمع نہیں کرائی۔ خواجہ شمس کہا کہ سپریم کورٹ معزز کورٹ ہے اسلئے درخواست کر رہے ہیں۔ چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ خواجہ صاحب، سپریم کورٹ معزز نہیں ہوتی ججز معزز ہوتے ہیں۔ وزرا بھی پارلیمنٹ میں معزز رکن کہتے ہیں معزز پارلیمنٹ نہیں کہتے۔
اہم خبریں سے مزید