• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

شادی میں ناکامی کے بعد بچوں کی کفالت کیلئے کڑا وقت گزارا، فرح سعدیہ


پاکستانی معروف اداکارہ و مارننگ شو میزبان فرح سعدیہ نے شادی کے دوران جدوجہد اور اس میں ناکامی کے بعد اپنے دو بیٹوں کی تن تنہا کفالت کے دوران پیش آنے والی مشکلات سے متعلق بات کی ہے۔

یاد رہے کہ سینئر اداکارہ و معروف شخصیت بشریٰ انصاری کے دوسرے شوہر، اقبال حسین فرح سعدیہ کے پہلے سابق شوہر ہیں، اقبال حسین اور فرح سعدیہ کے دو بیٹے بھی ہیں جن کے نام عبداللّٰہ اور عبدالرحمٰن ہیں۔

فرح سعدیہ نے اقبال حسین سے شادی ختم ہو جانے کے بعد اپنے دونوں بیٹوں کی خود کفالت کی ہے۔

فرح سعدیہ کے مطابق انہوں نے لگاتار 18 سال تک دن رات محنت، اداکاری اور مارننگ شوز کر کے اپنے بچوں کی کفالت کی ہے، اس دوران اُن کے بیٹوں کے والد اقبال حسین (بشریٰ انصاری کے حالیہ شوہر) نے پیچھے مڑ کر اپنی سابقہ اہلیہ یا بچوں کی جانب دیکھا تک نہیں۔

فرح سعدیہ  نے دو سال قبل ایک نجی ٹی وی کے ٹاک شو میں بطور مہمان شرکت کی تھی۔

اس دوران انہوں نے اپنے بچوں اور اپنی شادی کے لیے کی گئی جدوجہد اور قربانیوں کے بارے میں بات کی۔

فرح سعدیہ کے اس پرانے کلپ کو نجی ٹی وی چینل کی جانب سے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر دوبارہ شیئر کیا گیا ہے جو کہ وائرل ہو گیا ہے۔

فرح سعدیہ کا اس کلپ میں بتانا ہے کہ اُنہوں نے اپنے پہلے پروجیکٹ کے فوراً بعد ہی شادی کر لی تھی، اُن کا پہلا ڈرامہ ہی غیر معمولی ہٹ ہوا تھا۔

اُن کا کہنا ہے کہ شادی کے بعد اُن کا گھر پہلی ترجیح بن گیا تھا، انہوں نے اپنے خاندان کی وجہ سے بہت سے بہترین مواقعوں سے فائدہ نہیں اٹھایا کیوں کہ وہ اپنی خاندانی زندگی میں خلل نہیں ڈالنا چاہتی تھیں۔

فرح خان کا بتانا ہے کہ وہ اس وقت پڑھائی بھی کر رہی تھیں، اگرچہ اُنہیں کچھ وقت کے لیے کام کرنا پڑا لیکن اپنے بچوں کی وجہ سے ایک طویل وقفے پر چلی گئیں کیوں کہ وہ اپنے بچوں کی اکیلے ہی دیکھ بھال کر رہی تھیں۔

اپنے مارننگ شوز سے متعلق بتاتے ہوئے فرح سعدیہ نے کہا کہ میں نے ایک مارننگ شو کو ترجیح دی تھی کیونکہ یہ میرے لیے سب سے مناسب کام تھا، خواتین زندگی اور کیریئر میں بہت سی قربانیاں دیتی ہیں لیکن ان کی قربانیوں کا اعتراف نہیں کیا جاتا۔

شو کے دوران فرح خان نے متعدد بار ڈھکے چھپے لفظوں میں اپنے سابق شوہر اور اُن کے سبب زندگی میں آنے والی مشکلات پر بھی بات کی۔

یاد رہے کہ فرح سعدیہ پاکستانی ٹیلی ویژن انڈسٹری کی معروف اداکارہ اور میزبان ہیں، فرح سعدیہ نے مشہور پی ٹی وی ڈرامہ سیریل ’بندھن‘ کے ذریعے شہرت حاصل کی تھی۔

اپنے پہلے ڈرامے کی کامیابی کے بعد فرح سعدیہ نے ڈرامہ سیریل ’مسکراہٹ‘ اور ’کفارہ‘ میں اداکاری کی۔ 

فرح سعدیہ دو سال تک مسلسل دو مختلف ٹی وی چینلز کے مارننگ شوز کی میزبان رہ چکی ہیں۔

فرح سعدیہ کی 1998ء میں ڈرامہ سیریل ’بندھن‘ کے ذریعے ہی ان کی دوستی ساتھی اداکار اقبال حسین سے ہوئی تھی جس کے کچھ عرصہ بعد دونوں نے شادی کر لی تھی۔

اس شادی کے چند سال بعد ہی ان کے درمیان طلاق ہوگئی تھی۔

بعد ازاں فرح سعدیہ نے دوسری شادی 2012ء میں پاکستان کی معروف کاروباری شخصیت چوہدری توقیر احمد سے کی مگر یہ شادی بھی کامیاب نہ ہو سکی۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید