• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وزیراعلیٰ پنجاب کا پولیس وردی میں پاسنگ آؤٹ پریڈ کا معائنہ، قومی اسمبلی میں اپوزیشن کی تنقید، جلنے اور سڑنے کی ضرورت نہیں، عظمیٰ بخاری

لاہور(نمائندگان جنگ …ایجنسیاں) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نےکی پولیس وردی میں پاسنگ آؤٹ پریڈ کا معائنہ کیا جس پر قومی اسمبلی میں اپوزیشن نے شدید تنقید کی جس اپنے ردعمل میں وزیر اطلاعات و ثقافت پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ جلنے اور سڑنے کی ضرورت نہیں، وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے پریڈ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اس کرسی تک پہنچنے کیلئے آگ کا دریا عبور کر نا پڑا ،ظالم پر رحم نہ کھائیں ،انصاف کرنے آئی ہوں،قوانین کے نفاذ میں کمی برداشت نہیں ،منشیات مافیا ، کچے سے ڈاکوؤں کا پوری قوت سے صفایا کردیا جائے، پی ٹی آئی رہنماؤں عمر ایور اور شیر افضل مروت نے اپنے رد عمل میں کہا کہ مریم پولیس یونیفارم میں، یہ کیا مذاق ہے؟ ایسا توبچے کرتے ہیں،عمر ایوب، شیر افضل مروت، صوبائی وزیراطلاعات نے کہا کہ برقعے کی آڑ میں ہیرا پھیری اور خانہ کعبہ کی گھڑی تک بیچ دینے والی بریگیڈ کےپروپیگنڈہ کی پرواہ نہیں، آئی جی کے ترجمان کا کہنا ہے کہ قانون کے مطابق وزیر اعلیٰ اور گورنر اداروں کی حوصلہ افزائی کیلئے رسمی مواقع پر یونیفارم پہن سکتے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ مریم نواز نے چوہنگ پولیس ٹریننگ کالج میں پاسنگ آؤٹ پریڈ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئےکہا ہے کہ پہلی بار یونیفارم پہنا تو اندازہ ہوا یہ کتنی بڑی ذمہ داری ہے، پولیس کے شعبے میں خدمات انجام دینے والی خواتین پر فخر ہے،خواتین نرم دل ہوتی ہیں اس لئے معاف کر دیتی ہیں، ظالم کیلئے آپ کے دل میں کوئی نرمی نہیں ہونی چاہیے، مظلوم کی داد رسی کریں اور ظالم کو اس کے انجام تک پہنچائیں، مجھے خوشی ہوئی کہ پاسنگ آؤٹ پریڈ میں 650 خواتین شریک ہیں ، آج پہلی بار اعزازی شمشیر خواتین پولیس افسر کو ملی، یہ خواتین گھر کی ذمہ داریاں بھی ادا کرتی ہیں، اس تقریب کا انتظار کر رہی تھی۔مریم نواز نے کہا 7ہزار خواتین پولیس اہلکار کم ہیں ان کی تعداد میں اضافہ کیا جائے، جہاں ترقی کا نشان ہوگا وہاں نوازشریف اور شہباز شریف کا نام ہوگا، میں گھر جاتی ہوں تو اپنے والد کے ساتھ پورے دن کا احوال شیئر کرتی ہوں اور والد کے چہرے پر تشکر کے تاثردیکھتی ہوں تو لگتا ہے میری محنت کامیاب ہو گئی۔وزیراعلیٰ نے پولیس وردی میں ملبوس ہو کر پریڈ کا معائنہ کیا، انہوں نے اعلیٰ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والی پولیس افسران میں انعامات تقسیم کئے۔مریم نواز لیڈی کانسٹیبل اورٹریفک اسسٹنٹ کے والدین سے ملنے کیلئے پویلین پہنچ گئیں، ان کے والدین کو مبارکباد دی اور خواتین سے مصافحہ کیا۔ ایک لیڈی کانسٹیبل کے دادا نے مریم نواز کو سر پر ہاتھ رکھ کر دعائیں دیں۔ والدین سے گفتگو میں کہا کہ ’’آپ کو ڈبل مبارک‘‘ اور مجھے بھی مبارک باد، یہ میری بھی بیٹیاں ہیں،وزیر اعلیٰ نےبچیوں کیساتھ تصاویر بنوائیں۔ مریم نواز نے تھری ناٹ تھری گن چیک کی اور تھا م کر تصویر بنوائی۔ وزیراعلی کی زیر صدارت پولیس ٹریننگ کالج کمیٹی روم میں منعقدہ اجلاس میں امن وامان سے متعلق امور کا جائزہ لیا گیا۔

اہم خبریں سے مزید