• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عبدالستار ایدھی کی خدمات کو پوری دنیا نے تسلیم کیا ہے، خورشید شاہ

سکھر(بیورو رپورٹ)قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف سید خورشید احمد شاہ نے کہا ہے کہ عبدالستار ایدھی ایک فقیر صفت انسان تھے، ایسے لوگ صدیوں میں پیدا ہوتے ہیں ، ان کی خدمات کو نہ صرف پوری قوم نے سراہا ہے بلکہ پوری دنیا نے عبدالستار ایدھی کی خدمات کو تسلیم کیا ہے آج ان کے دنیا سے چلے جانے سے پاکستان میں ایک مرتبہ پھر لاکھوں بچے یتیم ہوگئے کیونکہ عبدالستار ایدھی نے لاکھوں بچوں کی پرورش کی ، انسانیت کی خدمت میں ہمیشہ پیش پیش رہے، اپنی پوری زندگی سادگی میں گذار دی، ہماری دعا ہے کہ خداوند کریم ہمیں بھی عبدالستار ایدھی کے نقش قدم پر چلنے کی توفیق عطا کرے۔ وہ اپنی رہائش گاہ پر میڈیا سے بات چیت کررہے تھے۔ سید خورشید احمد شاہ نے کہا کہ عبدالستار ایدھی کی ملک ، قوم اور انسانیت کے لئے خدمات پر جس قدر بھی کہا جائے وہ کم ہے کیونکہ انہوں نے اپنی پوری زندگی انسانیت کی خدمت کے لئے وقف کردی اور آخری دم تک وہ انسانیت کی خدمت کے لئے جدوجہد کرتے رہے۔ عبدالستار ایدھی کی ان خدمات کو دیکھتے ہوئے کچھ لوگ اس خدمت کے میدان میں آئے اور وہ کام کررہے ہیں اس میں بھی عبدالستا رایدھی کا بڑا کردار ہے کیونکہ وہ ایک ایسی شخصیت تھے کہ جنہیں دیکھ کر اور لوگوں نے بھی اس خدمت کے جذبے کے پیش نظر فلاحی کام کو شروع کیا، حکومت بھی چھوٹے موٹے کام کرتی ہے لیکن عبدالستار ایدھی جتنے بڑے پیمانے پر کام کررہے تھے اس کی جتنی تعریف کی جائے وہ کم ہے ، عبدالستار ایدھی نے نہ صرف ملک کے تمام بڑے شہروں بلکہ چھوٹے اور پسماندہ علاقوں میں بھی ایدھی فاؤنڈیشن کی سروسز کو پہنچایا اور دکھی انسانیت کی خدمت کی ۔ آج پوری قوم عبدالستار ایدھی کے انتقال پر افسردہ ہے اور تمام لوگ چاہے ان کا تعلق کسی بھی شعبے سے ہو وہ سب یک زباں ہو کر عبدالستار ایدھی کی خدمات پر انہیں زبردست خراج عقیدت پیش کررہے ہیں۔
تازہ ترین