وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور وزیر ایوی ایشن خواجہ آصف نے لاہور ایئر پورٹ کا دورہ کیا اور ایئر پورٹ پر مسافروں کے لیے موجود سہولتوں پر عدم اطمینان کا اظہار کیا۔
محسن نقوی نے امیگریشن کے مسائل کے فوری حل اور مسافروں کے لیے سہولتیں بڑھانے اور مسافروں کی تلاشی کے عمل کو آسان اور تیز کرنے کا حکم دیا۔
وفاقی وزراء نے اے ایس ایف، اے این ایف اور کسٹمز کے حکام سے سرچ کو سہل بنانے کا پلان طلب کیا اور قابل عمل پلان اگلے 24 گھنٹے میں تیار کر کے پیش کرنے کی ہدایت کی۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے خواجہ آصف نے کہا کہ لاہور ایئر پورٹ پر تجربے کے بعد سرچ کا عمل دیگر ایئر پورٹس پر شروع کریں گے، ایئر پورٹس پر مسافروں کی آمدورفت سہل بنانے کے لیے فوری اقدامات کی ضرورت ہے۔
وزیرِ داخلہ محسن نقوی نے بیرون ملک آمد اور روانگی ٹرمینل پر امیگریشن کے کاؤنٹرز میں اضافے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ مسافروں کو انتظار سے بچانے کے لیے فوری امیگریشن کاؤنٹرز بڑھائے جائیں، 3 روز میں امیگریشن کاؤنٹرز میں اضافے کا حتمی پلان پیش کیا جائے۔
محسن نقوی کا کہنا ہے کہ امیگریشن کاؤنٹرز بڑھنے سے مسافروں کو انتظار سے نجات ملے گی، مسافروں کی زیادہ سے زیادہ سہولتوں کے لیے آؤٹ آف باکس اقدامات کیے جائیں۔
وفاقی وزراء نے امیگریشن کاؤنٹرز پر مسافروں کے لیے انتظامات کا جائزہ اور اے این ایف، اےایس ایف، کسٹمز کے تلاشی کے عمل کا بھی مشاہدہ کیا۔
وزراء کی زیر صدارت لاہور ایئرپورٹ کے کانفرنس روم میں اجلاس ہوا جس میں وفاقی وزراء کو لاہور ایئر پورٹ پر مسافروں کی سہولت کے لیے اقدامات پر بریفنگ دی گئی۔
وفاقی وزراء نے متعلقہ حکام کو مسافروں کے لیے سہولتیں بڑھانے کے لیے ضروری ہدایات دیں۔