گھر کی تعمیر یا تزئین و آرائش کرتے وقت ٹائل کا انتخاب ایک اہم مرحلہ ہوتا ہے۔ ٹائل کا انتخاب کرتے وقت آپ کو کئی عوامل مدِ نظر رکھنے چاہئیں، جیسے پائیداری، خوبصورتی، ضرورت اور آپ کا بجٹ۔ دورِ جدید میں فرش کے طور پر جتنے مواد استعمال ہوتے ہیں، ان میں ٹائل سب سے دیرپا رہنے والا مواد ہے۔ ذیل میں فرش کے لیے ٹائل استعمال کی اہمیت اور اس کی مختلف اقسام پر نظر ڈالی گئی ہے۔
لکڑی کے ڈیزائن والی ٹائل
کچھ لوگوں کو لکڑی کی فلورنگ اس قدر زیادہ پسندہوتی ہے کہ وہ باتھ روم تک میں لکڑی کی فلورنگ کروانے کی خواہش رکھتے ہیں لیکن ظاہری سی بات ہے یہ عملی طور پر ممکن نہیں ہے کہ باتھ روم میں لکڑی کی فلورنگ کی جائے۔اب پرنٹنگ کے نئے اوررجحانات اور بہتر ٹیکنالوجی کے باعث لکڑی نما ایسی ٹائلز دستیاب ہیں کہ دیکھ کر کوئی پہچان ہی نہیں سکتا کہ یہ لکڑی کا مواد ہے پورسلین۔
بڑے حجم کی ٹائل
دورِ جدید میں ٹائل اور خصوصاً بڑے حجم (سائز) کی پتلی ٹائلوں کا باتھ روم اور شاور کی دیواروں کے لیے استعمال بڑھ گیا ہے۔ بڑے حجم کی ٹائلیں استعمال کرنے کا سب سے بڑا فائدہ یہ ہے کہ ان کی دیکھ بھال اور صفائی ستھرائی کا خیال رکھنا بھی نسبتاً آسان ہوتا ہے۔
آرکیٹیکچرل ماہرین کا کہنا ہے کہ، بڑے حجم کے شاور ٹب ناصرف ہر عمر کے افراد خصوصاً عمر رسیدہ افراد کے لیے موزوں رہتے ہیں بلکہ ماحولیاتی نقطہ نگاہ سے ایسے شاور صحت اور تندرستی کو بھی یقینی بناتے ہیں۔ بڑے حجم کی ٹائلوں کا ایک اور زبردست استعمال باورچی خانہ میں کاؤنٹر ٹاپ ایپلی کیشن کے طور پر ہوتا ہے، جہاں یہ اِنٹیگریٹڈ اِنڈکشن کوکنگ ہاب کے طور پر استعمال ہوتے ہیں۔ دنیا کے کئی خطوں میں باورچی خانہ کے لیے قدرتی گیس کا بطور ایندھن استعمال بتدریج ختم ہورہا ہے، اور یہ وجہ بھی اس کے رجحان میں مزید اضافہ کرے گی۔
محفوظ مواد
ٹائل ناصرف دیرپا قابلِ استعمال رہنے والا مواد ہے بلکہ گیلی جگہوں پر اس کا استعمال محفوظ تصور کیا جاتا ہے۔ ٹائل میں ایسی اقسام بھی موجود ہیں جو اس پر چلنے والوں کو پھسلنے سے محفوظ رکھتی ہیں۔ اینٹیریر ڈیزائنرز کا کہنا ہے کہ ٹائل ایک قدرتی مواد ہے، جس وجہ سے یہ نقصان دہ کیمیائی مادوںاور مضرِ صحت مواد جیسے الرجن اور پلاسٹک سے پاک ہوتا ہے۔
HSE معیارات کے لحاظ سے بھی یہ محفوظ ترین تعمیراتی مواد ہے۔ مزید برآں، یہ آگ بھی نہیں پکڑتی۔ حالیہ تجزیوں میں یہ بات بھی دیکھی گئی ہے کہ ٹائل موائسچر ٹیسٹنگ میں بھی بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کرتی ہے ، کیونکہ باتھ روم اور کچن میں استعمال ہونے والے مواد میں اس بات کا بہت خیال رکھا جاتا ہے۔’’دیگر کسی بھی فلورنگ مٹیریل کے مقابلے میں سیرامک ٹائل سب سے زیادہ دیرپا ہوتی ہے اور یہ کئی نسلوں تک قابل استعمال رہتی ہیں۔ ٹائل کا اب آؤٹ ڈور حصوں میں بھی استعمال بڑھ رہا ہے‘‘۔
ٹائل کی ایک اور صحت بخش خصوصیت اس کا اینٹی مائیکروبیئل ہونا ہے جس کے باعث خاص طور پر کورونا وبائی مرض کے بعد اس کا استعمال مزید بڑھ گیا ہے اور انٹیرئیر ڈیزائنرز، ٹائل استعمال کرنے کا مشورہ پہلے سے زیادہ دے رہے ہیں۔
بائیوفیلیا ڈیزائن
اِنک جیٹ ٹیکنالوجی پرنٹنگ کی بدولت اب یہ ممکن ہے کہ ٹائل پر فطرت کا کوئی بھی ڈیزائن پرنٹ کیا جاسکتا ہے، جیسے سبزہ زار، درخت، سمندر وغیرہ وغیرہ۔ ٹائل کو اس طرح بھی ڈیزائن کیا جاسکتا ہے کہ وہ لکڑی، کپڑے، کاغذ، پتھر یا کسی بھی دیگر مواد کی طرح نظر آئے۔
لکڑی نما پورسلین ، ٹائل کا ایک ایسا انتخاب ہے جس کے استعمال کے ذریعے آپ آؤٹ ڈور کو اپنے کمروں کے اندر لاسکتے ہیں۔ اسی طرح سے ٹائل کے مختلف ڈیزائن کے ذریعے اِن ڈور کو بھی باہر لے جایا جاسکتا ہے اور اس میں اگر پھسلنے سے محفوظ رہنے کی خصوصیت شامل کردی جائے تو ٹائل استعمال کا مزہ دوبالا ہوجاتا ہے۔
ماحولیاتی نقطہ نظر
ماحولیاتی لحاظ سے ٹائل کا شمار پائیدار ترین مصنوعات میں ہوتا ہے۔ تاریخی طور پر بھی ٹائل پائیدار آئٹم ہے کیوں کہ جغرافیائی لحاظ سے یہ جن مقامات سے حاصل ہوتی ہے وہ انتہائی سخت سردی اور انتہائی سخت گرمی برداشت کرسکتے ہیں۔ آرکیٹیکٹس کے مطابق، ماحول دوست فلورنگ کے لیے بھی ٹائل سب سے بہترین انتخاب ہے اور فلورنگ کے لیے کسی بھی دیگر مواد کے مقابلے میں اس کا کاربن فوٹ پرنٹ سب سے کم ہے۔ دیرپا ہونے کے لحاظ سے بھی ٹائل دیگر کسی بھی تعمیراتی مواد کے مقابلے میں سب سے زیادہ عرصہ تک قابلِ استعمال رہنے والا فلورنگ مواد ہے۔
صرف یہی نہیں، ٹائل کو کسی جگہ نصب کرنا بھی انتہائی آسان ہے، جس کی وجہ سے تنصیبی لاگت بھی معمولی آتی ہے۔ بڑے حجم کی ٹائل سلیب کا استعمال جیسے جیسے فلورنگ، شاور وال، کاؤنٹر ٹاپ اور بیک سپلیش وغیرہ میں بڑھ رہا ہے، زیادہ سے زیادہ لوگوں کو اس کے معاشی، ماحولیاتی اور طبی فوائد کے بارے میں آگاہی حاصل ہورہی ہے۔