راولپنڈی(نمائندہ جنگ)پاکستان عوامی تحریک کے قائدڈاکٹر علامہ طاہر القادری نے 31جولائی کو لاہور میں مشترکہ لائحہ عمل کیلئے قومی مشاورتی اجلاس طلب کرتے ہوئے انکشاف کیا ہے کہ پنجاب پولیس میں دہشت گردوں کو بھرتی کرکے علاج کے نام پر ٹریننگ کیلئے انڈیا بھجوایا جارہا ہے جس سے قومی سلامتی و سالمیت کیلئے ایک بڑا خطرہ پیدا ہوگیا ہے۔قوم کو اٹھنا ہوگا۔بات کرپشن سے آگے بڑھ گئی ہے۔موجودہ حکمرانوں کے اقتدار کی تلوار پاکستان کی سالمیت کی گرد ن پر ہے۔ان کے خلاف آئین کے آرٹیکل 6کے تحت کارروائی کرکے گرفتار کیا جائے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے لال حویلی میں شیخ رشید سے ملاقات اور استقبالیہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا جسکا اہتما م پاکستان عوامی مسلم لیگ نے کیا تھا، ڈاکٹر طاہرالقا دری نے کہا کہ سانحہ ماڈل ٹائون پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا، شہدا کی کوئی دیت نہیں ہوگی۔ قصاص ہوگا اور14 شہدا کے بدلے 14قصاص ہوں گے۔ باطل، ظالمانہ اور جابرانہ اقتدار کی شام ہوچکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پانامہ لیکس ان کی کرپشن کے سمندر میں سے ایک قطرہ ہے۔ساری آف شور کمپنیاں لیکس نہیں ہوئی ہیں۔ان کی ایک کمپنی کا نام آیا ہے باقی 90ملکوں میں جو کمپنیاں ہیں ان کا نام نہیں آیا ہے۔چور کبھی چور کا احتساب نہیں کرتا۔ان سے کیسے احتساب کی امید کرلیں۔ماڈل ٹائون لاہور اور ایک اور گھر میں سرکاری خزانے سے جرنیٹرز لگوائے گئے ہیں۔جس کی ادائیگی کا اندرج پنجاب بجٹ سیپلیمنٹری رپورٹ 2015-16 کے صفحہ292پر ہے۔اسی طرح جن پولیس اہلکاروں اور افسران کو انڈیا علاج کے نام پر بھجواکر ادائیگی کی گئی ان کی تفصیلات اسی رپورٹ کے صفحہ293سے298تک پر موجود ہے۔ شریف براد را ن نے کرپشن کے نئے ریکارڈ قائم کر دیئے ہیں ۔نواز شریف کے علاج پر تشہیر کی مد میں کرڑوں روپے اڑا دیئے گئے۔انہوں نے کہا کہ یہ افسوسنا ک بات ہے کہ 48دن لندن میں قیام ‘سفری اخراجات اور میڈیکل کے اخراجات قومی خزانے میں ڈال دیئے ‘ایسے تو بادشاہ بھی نہیں کرتے۔ انہوں نے کہا کہ عبدالستار ایدھی ایک عظیم انسان اور خدمت انسانیت کے عظیم پیکر تھے۔ پاکستان عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ پہلے گو نواز گو کا نعرہ دیا اب نعرہ دیتا ہوں چورو پاکستان کی جان چھوڑ دو۔ میری سب پارٹیوں سے اپیل ہے کہ اب جو آدمی نواز شریف کا ساتھ دے گا وہ نواز شریف کا ایجنٹ اور کرپشن میں اس کا حصہ دار ہوگا۔میں عمران خان کو بھی پیغام دینا چاہتا ہوں۔آئو سب ملکر چوروں، ڈاکووں ،لٹیروں کو نکالیں،سب کو ملکر نکلنا ہوگا۔کرپٹ لوگوں سے ملک کو نجات دلانا ہوگی۔پانامہ لیکس کےحرام خوروں سے نجات دلائیں گے۔مسلم لیگ کے ایم این ایز کو بھی کہنا چاہتا ہوں جمہوریت کو خطرہ ہم سے نہیں نواز شریف اور اس کے حواریوں سے ہے۔شیخ رشید احمد نے کہا کہ جب سیاستدان نواز شریف جیسا ہوگا تو پانامہ لیکس ہی ہوگی۔ تین مرتبہ وزیر اعظم اور چھ مرتبہ وزارت اعلیٰ ایسے حکمرانوں کو ملی جنہوں نے قوم کا کروڑوں روپے بیماری کی پبلسٹی پر خرچ کر ڈا لے، 48دن کس قانون و آئین کے تحت وزیر اعظم سیکرٹریٹ لندن لے گئے۔مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج نے کئی کشمیریوں کو شہید کردیا۔کو ئی وزیر اعظم یا وزیر خارجہ موجود نہیں جو جواب دےسکے۔ انہوں نے کہا کہ لوگوں کی حالت بدلنے کیلئے اگر لال حویلی کو لاشیں بھی اٹھانی پڑی تو ہم طاہر القادری کے ساتھ کھڑے ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ عبدالستار ایدھی نے مرتے دم تک پاکستان کی خدمت جاری رکھی، انہیں پوری قوم سلام کرتی ہے۔ ڈاکٹر طاہر القادری کے اعزاز میں استقبالیہ کے موقع پر لال حویلی اور اردگرد کے علاقوں میں سخت سیکو ر ٹی انتظامات کئے گئے۔تمام راستوں کو سیل کیا گیا تھا اور شرکاء کو جامہ تلاشی کے بعد واک تھرو گیٹس سے گزارا گیا۔ عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹرطاہر القادری اور عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد نے تقریب سے قبل ون ٹو ون ملاقات کی۔ جس میں ملکی تازہ ترین سیاسی صورتحال ‘پانامہ لیکس اور دیگر امور پر تبادلہ خیال ہوا اور حکمرانوں کے خلاف پانامہ لیکس ‘کرپشن ‘لوٹ مارکے خلاف مشترکہ جہدوجہد شروع کرنے پر اتفاق کیا ہے۔ علامہ طاہر القادی نے اپنے وفد اور کارکنوں کے ہمراہ مجلس وحدت مسلمین کے سربراہ علامہ راجہ ناصر عباس جعفری سے ایم ڈبلیو ایم کے بھوک ہڑتالی کیمپ میں ملاقات کی ، اس موقع پر میڈیا کے نمائندوں اورشرکا سے خطاب کرتے ہوئے علامہ طاہر القادری نے کہا کہ پاکستان میں جاری دہشت گردی میں موجود ہ حکمران فریق ہیں،موجودہ حکومت دہشت گردوں کو وسائل اور معاو نت فراہم کرتی ہے، پاکستان میں موجود ایک مخصوص مسلک کے باصلاحیت افراد کی مسلسل ٹارگٹ کلنگ کی جار ہی ہے ،ملک کے با اختیار اداروں کو چاہئے کہ وہ عوام پر ہونے والی اس حکومتی ظلم و بربریت کا نوٹس لیں ۔تحریک منہاج القرآن کے سربراہ نے علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کے تمام مطالبات کی مکمل تائید کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ حکمران شرمناک بے حسی کامظاہرہ کر رہے ہیں۔علامہ ناصر عباس نے علامہ ڈاکٹر طاہر القادری، شیخ رشید احمد اور دیگر شخصیات کا ہڑتالی کیمپ آمد پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ہم ظالم حکمرانوں کے خلاف یہاں گزشتہ دو ماہ سے بھوک ہڑتال پر بیٹھے ہوئے ہیں،17 جولائی کو پاکستان کے مختلف شہروں میں ایم ڈبلیو ایم کی خواتین احتجاج کریں گی۔22 جولائی کو ملک کی تمام اہم شاہراوں پر اپنے مطالبات کے حق میں دھرنے دیئے جائیں گے ۔