اسلام آباد (طاہر خلیل) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللّٰہ تارڑ نے ہالی ووڈ پروڈکشن ٹیم کی جانب سے پاکستانی ثقافت پر انٹرنیشنل فلم کی تیاری کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستانایک عظیم ثقافتی ورثہ کا حامل ملک ہے، ہماری تاریخ، ادب، موسیقی اور فن دنیا بھر میں منفرد اور قابل تعریف ہیں۔ ہالی ووڈ پروڈکشن ٹیم کی جانب سے پاکستانی ثقافت پر فلم دنیا کو پاکستان کی خوبصورتی اور تنوع دیکھنے کا نیا موقع فراہم کرے گی، پاکستان میں فلم واحد صنعت ہے جو ٹیکس فری ہے۔ یہ بات انہوں نے ہالی ووڈ پروڈکشن ٹیم کے ارکان سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ ملاقات میں پاکستانی ثقافت پر مبنی فلم کی تیاری سمیت ملک کے عظیم ثقافتی ورثے اور تاریخ کے حوالے سے تبادلہ خیال ہوا۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے ٹیم کو ملک میں فلم کے شعبہ میں ہونے والی پیشرفت سے بھی آگاہ کیا۔ وفد میں جیمز ایم سی میلان، اینڈریو جیمز فیرو، لیوسا اسکن، سعدیہ اشرف، بدر اکرام، مشعل ثاقب شامل تھے۔