راولپنڈی میں 9 مئی کے حوالے سے سیکیورٹی سخت کردی گئی ہے۔
گزشتہ روز سی پی او خالد ہمدانی کی زیر صدارت پولیس لائنز ہیڈ کوارٹرز میں اجلاس ہوا جس میں ایس ایس پی آپریشنز سمیت سینئر پولیس افسران نے شرکت کی۔
ترجمان پولیس کے مطابق اجلاس میں سیکیورٹی اقدامات کا جائزہ لیا گیا اور افسران کو ہدایات دی گئیں۔
سی پی او راولپنڈی کا کہنا ہے کہ پنجاب بھر میں دفعہ 144 نافذ ہے، کسی غیر قانونی اجتماع کی اجازت نہیں ہے، سینئر افسران فیلڈ میں خود سیکیورٹی کی نگرانی کریں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ امن و امان میں خلل ڈالنے والوں سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا، غیر قانونی اجتماع، ریلی یا اس کی ترغیب دینے والوں کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔