• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اپوزیشن ٹی او آرز پر سیاست کررہی ہے، مذاکرات کامیاب نہ ہوئے تو نکات شائع کردینگے، اسحاق ڈار

لاہور ( آن لائن ) وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ پاکستان کا مستقبل روشن ہے اِسے قرض لینے والا ملک کی بجائے قرض دینے والا ملک بنائیں گے ۔ گزشتہ تین سالوں میں ٹیکس وصولیوں میں 60 فیصد اضافہ ہوا ۔ گزشتہ مالی سال میں 3104 ارب روپے کا ٹیکس وصولیوں کا ہدف پوراکر لیا توقع ہے کہ ٹیکس ہدف سے بڑھ کر 3116 بلین روپے کے ٹیکس وصول ہونگے ۔ زرمبادلہ کے ذخائر جو 2013 میں تین ارب ڈالر تھے بڑھ کر 23 ارب ڈالر ہو گئے ہیں ۔ دنیا کے 22 بڑے معاشی ادارے پاکستان کی معاشی ترقی کی تعریف کر رہے ہیں ۔ 2018 میں بجلی بحران ختم کرنے کا وعدہ پوراکریں گے ۔ تعلق کسی جماعت سے بھی ہو ہدف پاکستان کی ترقی ہونا چاہیئے ۔ پاکستان میں میثاق معیشت ہونا چاہیئے جس پر ہر جماعت عمل کرے ۔ ٹی او آرزکے نام پر سیاست کی جا رہی ہے ۔ حکومت نے اتحادی جماعتوں کے ساتھ مل کر جو ٹی او آرز بنائے ہیں وہ مدلل اور جامع ہیں اگر اپوزیشن کے ساتھ اس مسئلہ پر مذاکرات کامیاب نہ ہوئے تو حکومتی اور اپوزیشن دونوں کے ٹی او آرزشائع کروائیں گے ۔وزیر اعظم صحت یاب ہو کر واپس لوٹے ہیں وہ کیمپ آفس کے ذریعے لندن میں بھی حکومتی امور دیکھ رہے تھے انہوں نے ویڈیو لنک کے ذریعے کابینہ کے بجٹ اجلاس کی صدارت بھی کی اور بجٹ ڈاکومنٹ پر دستخط بھی کیے۔ وہ آج لاہور میں داتا دربار مذہبی امور کمیٹی کے اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے ۔ انہوں نے کہا کہ 60 سال تک ایک ہی قانون کے تحت انکوائریاں ہوتی رہی ہیںاس مسئلہ پر نیا قانون بھی بنایا ہے ۔ کوشش کریں گے کہ مل بیٹھ کر ٹی او آرز پر معاملات حل کر لیں۔ دھرنے اور ہڑتالیں قومی مفاد میں نہیں تحریک انصاف کے پہلے دھرنے میں ملک کو ایک ارب ڈالر کا نقصان اور سی پیک منصوبے کے آغاز میں ایک سال کی تاخیرہوئی ۔ اگر اپوزیشن کے ساتھ مذکرات کامیاب نہ ہوئے تو تحریک انصاف کی طرف سے تحریک چلانے کی دھمکی کے بارے میں اتحادی جمارعتوں کے ساتھ مل کرمشاورت کریں گے ۔ الیکشن کمیشن کے ممبران کی تقرری کے بارے میں ایک سوال کے جواب پر وفاقی وزیر نے کہا کہ ممبران کی تقرری کو حتمی شکل دینے کی آخری تاریخ 25 جولائی تک ہے ۔ اپوزیشن لیڈر سے اس مسئلہ پر رابطہ ہوا ہے امید ہے کمیشن ممبران کی تقرری پر معاملات جلد حل ہو جائیں گے ۔ قبل ازیں وزیر خزانہ نے داتا دربار مذہبی امور کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کی اور رمضان المبارک میں زائرین اور اعتکاف کی سعادت حاصل کرنے والوں کو سہولتیں فراہم کرنے پر کمیٹی ممبران کا شکریہ ادا کیا۔
تازہ ترین