کراچی میں امتحانات کے دوران بھی لوڈ شیڈنگ کا سلسلہ نہ رُک سکا، لوڈشیڈنگ کے دوران امتحان دینے والی طالبات کی حالت بگڑ گئی۔
کراچی میں میٹرک بورڈ کے تحت نویں اور دسویں جماعت کے امتحانات کا سلسلہ جاری ہے۔
کراچی کے علاقے ملیر کے اسکول میں قائم امتحانی مرکز میں ہونے والی لوڈ شیڈنگ کے دوران شدید گرمی کے سبب امتحان دینے والی متعدد طالبات کی حالت بگڑ گئی۔
امتحان دینے والی ایک طالبہ کا کہنا ہے کہ شدید گرمی کے باعث پرچہ حل نہیں کرسکتی۔
اسکول انتظامیہ نے بتایا کہ لوڈ شیڈدنگ سے 4 طالبات کی حالت غیر ہو گئی ہے۔
دوسری جانب ملیر کے سرکاری اسکول کے امتحانی مرکز میں طالبات نے چٹائی پر بیٹھ کر پرچہ دیا۔
کراچی کے علاقے ملیر کے سرکاری اسکول میں گنجائش سے زائد 200 طلباء کا سینٹر بنا دیا گیا، جس کے باعث امتحانی مرکز میں کرسی میز کم پڑ گئے۔