کراچی کے علاقے ڈیفنس خیابان بخاری میں بنگلے سے لڑکی کی پھندا لگی لاش ملی ہے، لاش کو قانونی کارروائی کےلیے جناح اسپتال منتقل کردیا گیا۔
ڈپٹی انسپکٹر جنرل (ڈی آئی جی) اسد رضا کا کہنا ہے کہ ابتدائی تحقیقات میں قتل کا شبہ ہے، مزید تحقیقات جاری ہیں۔
جناح اسپتال کے باہر پولیس حکام نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بنگلے کا مالک ڈاکٹر ہے۔ اس کا کہنا ہے لڑکی نے خودکشی کی، لڑکی تقریباً ایک سال سے اسی بنگلے میں ملازمت کر رہی تھی۔
پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کے وقت ڈاکٹر اپنی فیملی کے ساتھ باہر گئے ہوئے تھے، ابتدائی تحقیقات میں واقعہ پر اسرار لگتا ہے، تحقیقات جاری ہیں، پوسٹ مارٹم کے بعد صورتحال مزید واضح ہو سکے گی۔