کینیڈا کی تاریخ میں ٹورانٹو کے پیئرسن ائیرپورٹ پر فلمی اسٹائل میں ہونے والی سونے اور کرنسی کی سب سے بڑی چوری میں ملوث ایک اور بھارتی نژاد شخص کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق گزشتہ سال زیورخ سے ایک فلائٹ سے 20 ملین ڈالر کا خالص سونا اور ڈھائی ملین ڈالرز کے غیر ملکی کرنسی کا کنٹینر ٹورانٹو پہنچا تو ائیرپورٹ کے اندر کارگو ہولڈنگ سے ٹرک پر لاد کر چوری کر لیا گیا تھا۔
فلمی اسٹائل میں ہونے والی اس چوری کی تاریخی واردات میں ملوث ہونے کے الزام میں 36 سالہ آرچیت گروور نامی بھارتی نژاد کینیڈین شخص کو گرفتار کیا گیا ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ انہوں نے آرچیت گروور کو ٹورنٹو ائیرپورٹ سے گرفتار کرکے اس پر فرد جرم عائد کردی ہے جبکہ اس سے قبل اس کی گرفتاری کے لیے کینیڈا بھر میں وارنٹِ گرفتاری بھی جاری کئے تھے۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق پولیس کا کہنا ہے کہ آرچیت گروور پر 5 ہزار کینیڈین ڈالر کی چوری کا الزام ہے اور اس پر امریکا میں بھی آتشی اسلحہ کیس میں ملوث ہونے پر فرد جرم عائد کی جائے گی۔
واضح رہے کہ اس سے قبل کینیڈا کی تاریخ میں ٹورانٹو کے پیئرسن ائیرپورٹ پر فلمی اسٹائل میں ہونے والی سونے اور کرنسی کی سب سے بڑی چوری میں بھارتی اور پاکستانی ملوث پائے گئے تھے۔
کینیڈا اور امریکا کی پولیس نے اس تاریخی واردات کی مشترکہ تحقیقات کیں اور متعدد گرفتاریاں عمل میں لائی گئی تھیں۔
ٹورنٹو کی مقامی پولیس کے مطابق ملزمان میں ایک ایئرلائن کا سابق اور موجودہ اہلکار بھی شامل ہے، جن میں سے ایک اب زیر حراست ہے، جبکہ دوسرے کے وارنٹِ گرفتاری جاری کر دیے گئے ہیں۔
پیل ریجنل پولیس کے سربراہ ڈیوریپاہ نے مذکورہ واردات کے ایک سال مکمل ہونے پر پریس کانفرنس میں تفصیلات بتائی تھیں۔
ان کے مطابق ملزمان میں پرمپال سدھو، سمرن پریت، کنگ میکلین، پرساد پرمالنگم، امیت جلوٹا، عماد چوہدری، علی رضا، آرچیت گروور اور ارسلان چوہدری شامل ہیں۔ اس کے علاوہ اس میں چوری کا سونا خریدنے والے بھی شامل ہیں۔
واضح رہے کہ گزشتہ ماہ ان ملزمان میں سے 54 سالہ پرمپال سدھو، 40 سالہ امیت جلوٹا، 43 سالہ عماد چودھری، 37 سالہ علی رضا، 35 سالہ پرساد پرمالنگم کو گرفتار کیا گیا تھا۔
اس کے علاوہ اس تاریخی واردات میں ملوث 31 سالہ سمرن پریت اور 42 سالہ ارسلان چوہدری کی گرفتاری کے لیے کینیڈا بھر میں وارنٹ جاری کیے گئے ہیں۔