چیف میٹرولوجسٹ سردار سرفراز نے بتایا ہے کہ کراچی میں مئی کے آخر تک موسم گرم اور مرطوب رہے گا۔
’جیو نیوز‘ سے گفتگو میں انہوں نے بتایا کہ آج اور کل درجۂ حرارت 36 سے 38 ڈگری سینٹی گریڈ تک رہنے کا امکان ہے، کل سے درجۂ حرارت 1 سے 2 ڈگری کم ہو سکتا ہے۔
چیف میٹرولوجسٹ سردار سرفراز کا یہ بھی کہنا ہے کہ شہرِ قائد میں سمندری ہواؤں کے باعث ہوا میں نمی کا تناسب زائد رہے گا۔
دوسری جانب محکمۂ موسمیات کا کہنا ہے کہ کراچی میں آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران موسم گرم اور مرطوب رہنے کا امکان ہے۔
شہر میں زیادہ سے زیادہ درجۂ حرارت 36 سے 38 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے جبکہ کم سے کم درجۂ حرارت 28 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا ہے۔
محکمۂ موسمیات کے مطابق کراچی میں ہوائیں 13 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چل رہی ہیں، جن میں نمی کا تناسب 78 فیصد ہے۔