پاکستان کے یوتھ فٹبالرز کا روشن مستقبل نظر آرہا ہے۔ انگلش کوچ جوشوا وال نے کراچی میں مختصر کیمپ لگایا جہاں سے کیمپ سے منتخب ہونے والے جونئیر فٹبالرز دبئی اور برطانیہ میں ٹریننگ کے ساتھ پڑھائی بھی کر سکیں گے۔
انگلینڈ کے انٹرنیشنل ڈیولپمنٹ کوچ اور ایمپائر کلب دبئی کے ڈائریکٹر یوتھ پروگرام جوشوا وال نے کراچی کے مختلف کلبز کا دورہ کیا۔
انہوں نے جونئیر فٹبالرز کی تلاش کےلیے گلشن سوکر اکیڈمی میں مختصر کیمپ قائم کردیا جس میں 14 سال سے کم عمر کے فٹبالرز کی تکنیک اور صلاحیتوں کا جائزہ لیا۔ منتخب یوتھ فٹبالرز پہلے دبئی اور پھر برطانیہ میں تربیت حاصل کر سکیں گے۔
جوشوا وال نے ملیر کے 12 سالہ فٹبالر محمد اذان موسیٰ کا انتخاب کیا جو آف دی وال پروجیکٹ کے زیر سایہ دبئی میں تربیت حاصل کرسکیں گے۔
اس موقع پر انگلش کوچ اور گلشن سوکر اکیڈمی کے درمیان پارٹنرشپ معاہدہ بھی طے پایا جس میں فٹبالرز کو ایکسچینج پروگرام کے تحت پڑھائی کے ساتھ فٹبال اسکلز اور انڑنیشنل ایکسپوزر دیا جائے گا۔
میڈیا سے بات کرتے ہوئے جوشوا وال کا کہنا تھا کہ پلیئر ڈیولپمنٹ پروگرام کے تحت فٹبالرز کو معیاری ایجوکیشن اور انٹرنیشنل شناخت دینے کی کوشش ہے۔
انہوں نے کہا کہ محمد اذان موسیٰ دبئی میں ڈیولپمنٹ پروگرام کا حصہ ہونگے جو اکیڈمی کے دیگر فٹبالرز کے ساتھ کوچنگ حاصل کرسکیں گے اور موسیٰ کا بہترین فٹبالر بننے کا خواب بھی پورا ہوسکے گا۔