اسلام آباد ہائیکورٹ نے بانی پی ٹی آئی کے خلاف ٹیریان وائٹ کیس خارج کرنے کا تحریری فیصلہ جاری کردیا۔
عدالت عالیہ کے لارجر بینچ نے 2 صفحات کا تحریری فیصلہ جاری کردیا، جس پر جسٹس طارق جہانگیری، جسٹس ارباب طاہر اور جسٹس ثمن رفعت نے دستخط کیے۔
فیصلے میں کہا گیا کہ ابتدائی طور پر چیف جسٹس عامر فاروق پر مشتمل سنگل بینچ نے سماعت کی۔ 2 مئی کو لارجر بینچ بنانے کا فیصلہ کیا جو 9 مئی 2023 کو بنایا گیا۔ لارجر بینچ میں چیف جسٹس عامر فاروق، جسٹس محسن کیانی، جسٹس ارباب طاہر شامل تھے۔
فریقین کے دلائل سننے کے بعد بینچ کے دو ارکان نے فیصلہ دیا جبکہ چیف جسٹس عامر فاروق 10 مئی 2023 کو بینچ سے الگ ہوگئے تھے۔
تحریری فیصلے کے مطابق چیف جسٹس نے دو ججز کا فیصلہ سربمہر کرنے کی ڈائریکشن دی۔ چیف جسٹس کی ہدایت پر یہ نیا بینچ تشکیل دیا گیا۔
آج اوپن کورٹ میں فریقین اور صحافیوں کی موجودگی میں لفافہ ڈی سیل کیا گیا، معلوم ہوا جسٹس محسن کیانی اور جسٹس ارباب طاہر نے تفصیلی فیصلہ دیا۔
تحریری فیصلے کے مطابق دونوں ممبرز نے بانی پی ٹی آئی کی نااہلی درخواست کو خارج قرار دیا۔ بینچ کے اکثریتی فیصلے میں پٹیشن خارج کردی گئی۔
فیصلے میں کہا گیا کہ ہمارا خیال ہے اس کیس میں مزید کارروائی کی ضرورت نہیں۔