وفاقی تحقیقاتی ادارے ایف آئی اے کے امیگریشن سیل نے کراچی ایئرپورٹ پر کارروائی کرتے ہوئے جعلی دستاویزات پر کینیڈا جانے کےلیے پہنچے دو مسافروں، ایجنٹ اور سہولت کار کو گرفتار کرلیا۔
ایف آئی اے حکام کے مطابق دو مسافر عابد علی اور اشتیاق احمد وزٹ ویزے پر کراچی سے فلائٹ پی کے 783 کے ذریعے ٹورنٹو جانے کےلیے ایئرپورٹ پہنچے تھے۔
کراچی امیگریشن کے معائنے پر مسافروں کے پاسپورٹس پر لگے کینیڈا کے ویزے جعلی نکلے، مزید پوچھ گچھ کے دوران ملزمان کی نشاندہی پر ایئرپورٹ سے ٹریول ایجنٹ ناصر خان اور سہولتکار جان محمد کو بھی گرفتار کر لیا گیا۔
حکام کے مطابق گرفتار ایجنٹ ناصر خان بذریعہ جہاز ملزمان کے ہمراہ اسلام آباد سے کراچی پہنچا تھا۔
ابتدائی تفتیش کے مطابق ملزمان نے ایجنٹ سے کینیڈا کے ویزے فی کس 40 لاکھ روپے کے عوض حاصل کیے تھے۔
گرفتار ملزمان کو بعدازاں مزید قانونی کارروائی کےلیے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل کراچی منتقل کر دیا گیا ہے، ان سے مزید تفتیش جاری ہے۔