پاکستان کرکٹ ٹیم کے جارح مزاج بیٹر فخر زمان نے کہا ہے کہ پاکستان کرکٹ اب نئے مائند سیٹ میں نظر آئے گی، ٹیم پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے دو سو سے زائد اسکور بورڈ پر لگانے کے عزم سے ہی میدان میں اترے گی۔
جیو نیوز سے گفتگو میں فخر زمان نے کہا کہ میڈیا پر تو 10 لوگ ہر طرح کی مختلف بات کرتے ہیں، مجھے اور ہر پلیئر کو اپنے اپنے رولز کا پتہ ہے کہ اس کا کیا نمبر ہے۔
انہوں نے کہا کہ کھلاڑیوں کو یہ بھی پتہ ہے کہ وہ جا رہے ہیں یا نہیں، ہماری ٹیم کی اسٹرینتھ تگڑی ہے کسی بھی ٹیم کو ہرا سکتے ہیں۔
جارح مزاج بیٹر نے مزید کہا کہ بطور ٹیم ہمارا مائنڈ سیٹ بن چکا ہے کہ ہمیں اٹیکنگ کرکٹ ہی کھیلنا ہے، اگر اس مائینڈ سیٹ سے ہی گئے تو چانسز ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ اگر فارم لگی ہوتی ہے تو کوشش ہوتی ہے کہ اس کو لمبا لے کر جاوں، میرا رول تیز کھیلنا ہے، 10 رنز کروں یا 50 کروں، ٹیم کے کام آنا چاہئیں۔
فخر زمان نے کہا کہ ہمارا مائینڈ سیٹ یہ ہی ہے کہ پہلے بیٹنگ کریں تو 200 سے زائد رنز ہی کریں، ورلڈ کپ میں اس مائینڈ سیٹ کے ساتھ جانا ہے۔
انہوں نے کہا کہ آپ کو نظر آئے گا کہ ہم کس سوچ کے ساتھ میدان میں اتر رہے ہیں، لوگ کیا کہتے ہیں وہ بات الگ ہے۔
پاکستانی بیٹر نے کہا کہ آئرلینڈ سے پہلے میچ کی شکست کے بعد ہم نے میٹنگ کی اور مائینڈ سیٹ بنایا، انٹرنیشنل کرکٹ میں کوئی بی یا سی ٹیم نہیں ہوتی، کسی ٹیم کو سی ٹیم کہنا اس کی توہین ہوتی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ فل اسٹرینتھ انگلینڈ کے خلاف کھیل کر ہمیں ورلڈ کپ کی تیاری میں مدد ملے گی۔