معروف بھارتی کرکٹر ہاردیک پانڈیا اور ان کی اہلیہ، سربین اداکارہ و ماڈل، نتاشا اسٹینکووچ ان دنوں اپنی طلاق کی خبروں کی وجہ سے شہہ سرخیوں کا حصہ بنے ہوئے ہیں۔
فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹاگرام پر ان کی طلاق کی خبروں کے ساتھ ہی یہ خبر بھی گردش کر رہی ہیں کہ طلاق کے بعد نتاشا اسٹینکووچ، ہاردیک پانڈیا کی 70 فیصد جائیداد کی ملکیت حاصل کرلیں گی۔
مذکورہ خبر گردش ہوتے ہی سوشل میڈیا صارفین اس حساب کتاب میں مصروف ہوگئے ہیں کہ طلاق کے بعد نتاشا اسٹینکووچ کے حصے میں کتنی دولت آئے گی۔
تاہم اسی دوران بھارتی کرکٹر کا ماضی میں دیا گیا ایک انٹرویو دوبارہ منظر عام پر آگیا ہے، جس میں انہوں نے اپنی جائیداد کی تفصیلات بتائی ہیں۔
ماضی میں دیئے گئے انٹرویو میں ہاردیک پانڈیا نے دور اندیشی کا مظاہرہ پیش کرتے ہوئے انکشاف کیا تھا کہ ان کی جائیداد ان کے نام پر نہیں ہے بلکہ انہوں نے اپنی جائیداد اپنی والدہ کے نام پر منتقل کی ہوئی ہے۔
انہوں نے یہ بھی بتایا تھا کہ صرف ان کی ہی نہیں بلکہ ان کے والد اور بھائی کی جائیداد بھی والدہ کے نام پر ہے۔ انہوں نے اس انٹرویو میں یہ بھی کہا تھا کہ مستقبل میں کسی کو (طلاق کی صورت میں اہلیہ کو) بھی 50 فیصد حصہ دینے کا ارادہ نہیں ہے۔
یاد رہے کہ ہاردیک پانڈیا کو ممبئی انڈینز ٹیم کے کپتان کی حیثیت سے آئی پی ایل 2024ء کے ٹورنامنٹ میں بہتر پرفارمنس نہ دینے پر ناظرین کی جانب سے شدید ردعمل کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
خیال رہے کہ ہاردیک پانڈیا اور نتاشا اسٹینکووچ کا ایک تقریبا 4 سال کا بیٹا ’اگستیہ’ ہے جس کی پیدائش جولائی 2020 میں ہوئی تھی۔