کراچی کے بڑے صنعتی ایریا سائٹ میں 2 روز قبل گرڈ اسٹیشن میں آتشزدگی کے بعد معمولات شدید متاثر ہوئے ہیں اور 38 فیڈرز سے صنعتوں کو بجلی کی فراہمی 40 گھنٹے سے معطل ہے۔
’جیو نیوز‘ سے گفتگو کرتے ہوئے سائٹ ایسوسی ایشن کے عہدیدار فرحان اشرفی نے کہا کہ سائٹ کی صنعتوں میں کام کاج اور کاروباری معاملات ٹھپ ہو کر رہ گئے ہیں، انتہائی ضروری کام کے لیے بجلی کی فراہمی جنریٹر سے کی جا رہی ہے۔
فرحان اشرفی نے بتایا کہ بجلی کی فراہمی کے لیے کے الیکٹرک کی انتظامیہ اگرچہ کوششیں کر رہی ہے مگر شدید گرمی میں بجلی کی بحالی میں ناکام ہوئی ہے۔
انہوں نے حکومت سندھ اور وفاق سے درخواست کی ہے کہ وہ فوری طور پر نوٹس لے اور سائٹ کی انڈسٹری کو بجلی کی فراہمی کے لیے اقدامات کرے۔