کراچی(نیوز ڈیسک)حکومت سے مایوس بھارتی ریاست پنجاب میں پاکستانی سرحدسے متصل کالووالا گاؤں کے مکینوں نےپاکستان میں شامل کیے جانے کا مطالبہ کردیا۔
انہوں نے بھارت میں جاری عام انتخابات میں ووٹ نہ دینے کے عزم کابھی اظہار کیا ہے۔
بھارتی میڈیاکے مطابق، اس گاؤں کے تین اطراف دریائے ستلج جبکہ چوتھی جانب پاکستان اور بھارت کی سرحدی باڑ ہے۔
کالووالا گاؤں پنجاب کے ضلع فیروزپور میں واقع ہے جس کی آبادی 300 نفوس پر مشتمل ہے۔ اس گاؤں تک رسائی کے لیے سال کے اکثر مہینوں میں کشتی استعمال کی جاتی ہے، جبکہ فوج نے ایک عارضی پُل بھی بنایا ہے۔
گاؤں والوں کا کہنا ہے کہ وہ سیلاب کی تباہ کاریوں سے پہنچنے والے صدمے سے ابھی تک باہر نہیں نکلے۔جب مسلسل مطالبات کے باوجود حکومت کی جانب سے کوئی مدد نہ ہوئی تو گاؤں والوں نے یہ مطالبہ بھی کر ڈالا کہ انہیں پاکستان سے ملا دیا جائے کیونکہ انہیں تو یہاں انسان تک نہیں شمار کیا جا رہا۔
گاؤں کے رہائشی لکھوندر سنگھ نے کہا کہ ہم کیوں ووٹ ڈالیں، ووٹ نے ابھی تک ہمیں دیا ہی کیا ہے،یہاں ہمیں کوئی نہیں پوچھتا، پھر ہم نے کہا کہ ہمیں پاکستان کے ساتھ ہی ملا دو، شاید کوئی ہماری بات سن لے۔
ملکیت سنگھ نے بتایا کہ یہاں 45 خاندان آباد تھے جن میں سے 20خاندان گاؤں چھوڑ کر جا چکے ہیں۔ ’اس گاؤں کے رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد 157 ہے۔