• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

130 سال سے زیادہ زندہ رہنا چاہتا ہوں، دلائی لامہ کی خواہش

دھرم شالہ ( جنگ نیوز) تبتی روحانی پیشوا دلائی لامہ نے کہاہے کہ میں 130سال سے زیادہ زندہ رہنا چاہتا ہوں۔ یہ ان کی گزشتہ پیش گوئی سے دو دہائیاں زیادہ ہے۔ انہوں نے یہ بات اپنی 90ویں سالگرہ سے ایک دن قبل ایک خصوصی دعا کے موقع پر کہی، جہاں دنیا بھر سے ہزاروں پیروکاروں نے ان کی طویل زندگی کی دعاؤں میں شرکت کی۔تقریب میں خطاب کرتے ہوئے دلائی لامہ نے کہا میں نے اب تک بدھ مت کی تعلیمات اور تبتی عوام کی اچھی خدمت کی ہے اور اب بھی میری خواہش ہے کہ میں 130 سال سے زیادہ زندہ رہوں۔یہ اعلان سنتے ہی مجمعے میں زوردار تالیوں اور خوشی کے نعروں کا سلسلہ شروع ہو گیا۔ دلائی لامہ 1959 میں چینی حکومت کے خلاف ناکام بغاوت کے بعد تبت سے فرار ہو کر بھارت کے پہاڑی شہر دھرم شالہ میں مقیم ہیں۔ وہ تب سے تبتی بدھ مت کے روحانی سربراہ کے طور پر خدمات انجام دے رہے ہیں۔چین، جو دلائی لامہ کو علیحدگی پسند سمجھتا ہے، اصرار کرتا ہے کہ ان کے جانشین کے تعین کا اختیار صرف بیجنگ کے پاس ہے۔ تاہم دلائی لامہ پہلے ہی کہہ چکے ہیں کہ ان کی اگلی جنم (تناسخ) کا تعین صرف ان کی تنظیم گڈن پھودرنگ ٹرسٹ کرے گی اور وہ چین سے باہر، آزاد دنیا میں دوبارہ جنم لیں گے۔
دنیا بھر سے سے مزید