• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

شازیہ منظور کا چاہت فتح علی خان سے متعلق کیا کہنا ہے؟


پاکستانی معروف، بین الاقوامی شہرت یافتہ سینئر گلوکارہ شازیہ منظور نے حال ہی میں بے سرے گانے گا کر ڈیجیٹل میڈیا پر لاکھوں ویوز حاصل کرنے والے گلوکار چاہت فتح علی خان کی شہرت پر ردِ عمل کا اظہار کیا ہے۔

یاد رہے کہ شازیہ منظور منجھی ہوئی پاکستانی گلوکارہ ہیں جنہوں نے مشہور پاکستانی فلموں اور ڈراموں کے ہٹ گانے گا کر پلے بیک سنگر کے طور پر لازوال شہرت حاصل کی ہے۔

شازیہ منظور نے اپنے کریئر کے دوران بطور خاتون پلے بیک سنگر اپنی منفرد اور نرم آواز سے قابل ذکر سپر ہٹ سولو گانے گائے ہیں جن میں ’بتیاں بجھائے رکھ دی‘، ’چن مکھنا‘ اور’بلے بلے ٹور پنجابن دی‘ شامل ہیں۔

شازیہ منظور اس وقت بین الاقوامی کنسرٹس اور میلوں میں پرفارم کر کے اپنے گلوکاری کے کیریئر کو کامیابی سے مزید آگے بڑھا رہی ہیں۔ 

حال ہی میں شازیہ منظور نے ایک ڈیجیٹل پلیٹ فارم کے لیے انٹرویو دیا ہے۔

انٹرویو کے دوران انہوں نے گلوکاری کی مہارت سے متعلق بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’گلوکار اچھی آواز کے ساتھ پیدا ہوتے ہیں، یا تو آپ گلوکار ہیں یا آپ نہیں ہیں۔‘

انہوں نے چاہت فتح علی خان کی غیر معمولی شہرت اور کامیابی سے متعلق بھی بات کی۔

چاہت فتح علی خان سے متعلق پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ’مجھے لگتا ہے کہ لوگ لطف اندوز ہونے کے لیے اُنہیں سنتے ہیں، چاہت فتح علی خان گلوکار نہیں ایک انٹرٹینمنٹ ہیں، اُن کے گانے اور ایسے بے سرے گانوں  سے شہرت حاصل کر لینا ایک کامیڈی کی طرح ہے۔‘

گلوکارہ کا مزید کہنا تھا کہ ’چاہت فتح علی خان کے انداز کو لوگوں میں پسند کیا جا رہا ہے، اللّٰہ نے انہیں عزت دی ہے، ہم سب اس سے لطف اندوز ہو رہے ہیں، یہ بہت ہمت کی بات ہے کہ لوگ اُنہیں سن رہے ہیں اور وہ گا رہے ہیں، بس بچوں کو اُن کے گانوں سے دور رکھنا چاہیے۔‘

شازیہ منظور کا کہنا تھا کہ ’چاہت فتح علی خان نے یوٹیوب پر لاکھوں ویوز حاصل کر لیے، وہ پر اعتماد ہیں لیکن میں یہ نہیں کہوں گی کہ اُنہیں گاتے رہنا چاہیے، میں سمجھتی ہوں کہ ایک اچھے گلوکار کا مدھر گانا آپ کا موڈ تازہ اور خوشگوار کر دیتا ہے۔‘

انٹرٹینمنٹ سے مزید