پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق بیٹنگ کوچ میتھیو ہیڈن آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2024 کے ممکنہ سیمی فائنلسٹ کے نام بتا دیئے۔
خیال رہے کہ آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2024 جون کے آغاز کے ساتھ ہی امریکا اور ویسٹ انڈیز میں شروع ہو رہے ہیں۔
سابق آسٹریلوی کرکٹر میتھیو ہیڈن نے غیر ملکی میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے آئندہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے سیمی فائنل تک رسائی حاصل کرنے والی اپنی ہاٹ فیورٹ ٹیئمز کے نام بتا دیئے۔
ان کے مطابق رواں سال ہونے والے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے سیمی فائنل میں بھارت، انگلینڈ، آسٹریلیا اور جنوبی افریقا کے پہنچنے کے قوی امکان ہیں۔
میتھیو ہیڈن نے پیش گوئی کرتے ہوئے کہا ہے کہ میرے خیال سے آخری چار ٹیموں میں آسٹریلیا، بھارت، انگلینڈ اور جنوبی افریقا شامل ہوں گی۔
تاہم انہوں نے پاکستانی ٹیم کو ڈارک ہارس قرار دیتے ہوئے یہ بھی کہا ہے کہ پاکستانی ٹیم کے بارے میں کچھ کہا نہیں جاسکتا، کیونکہ ان کی باؤلنگ لائن متاثر کُن ہے اور بابر اعظم، محمد رضوان، اور فخر زمان کے ساتھ بیٹنگ لائن بھی اچھی ہے لیکن پاکستانی ٹیم کی فیلڈنگ کمزور ہے۔
انہوں نے امید ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس مرتبہ پاکستانی ٹیم کی پرفارمنس اچھی نظر آئے گی۔ پاکستان کی ٹیم اس ورلڈکپ کی خطرناک اور بہترین ٹیم ہے۔