پاکستان مسلم لیگ (ن) کے جنرل سیکریٹری اور وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی پروفیسر احسن اقبال کو ملائیشیا کے دارالحکومت کوالالمپور میں اہم عالمی اعزاز سے نوازا گیا۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی و خصوصی اقدامات احسن اقبال کو ایشین پراڈکٹیوٹی آرگنائزیشن کی طرف سے پالیسی، اسٹریٹجک سوچ، مؤثر قیادت اور مینجمنٹ کے ذریعے سماجی و اقتصادی ترقی کی کوششوں میں شاندار کردار پر خصوصی ایوارڈ سے نوازا گیا ہے۔
پلاننگ کمیشن کے حکام کے مطابق یہ ایوارڈ ان کو بحیثیت وفاقی وزیر ان کی تمام مدتوں کے دوران حاصل کی گئی کامیابیوں پر دیا گیا۔
احسن اقبال 2013 سے 2018 اور 2022 سے 2023 میں پاکستان کے وزیر برائے منصوبہ بندی رہے ہیں۔ وفاقی وزیر احسن اقبال نے 18-2017 میں بطور وزیر داخلہ شاندار خدمات سر انجام دیں۔
احسن اقبال نے بین الاقوامی نیٹ ورکس کے ذریعے پاکستان میں پیداواری صلاحیت کو بڑھانے کےلیے جدید منصوبوں کا نفاذ کیا۔ احسن اقبال نے ترقی کے لیے بہترین پالیسیاں اور ضوابط بنائے جن کا پاکستان کے پیداواری ایجنڈے اور مجموعی ترقی میں خاطر خواہ کردار ہے۔
وفاقی وزیر احسن اقبال کو یہ ایوارڈ ملائیشیا کے شہر کوالالمپور میں گزشتہ روز ایشین پراڈکٹیوٹی آرگنائزیشن کی گورننگ باڈی کے 66ویں اجلاس میں دیا گیا۔ اس تنظیم میں پاکستان سمیت دنیا کے 21 ممالک شامل ہیں۔
واضح رہے کہ یہ ایوارڈ ان افراد کو دیا جاتا ہے جنہوں نے اپنے کام، متاثر کن خیالات اور اثر و رسوخ کے ذریعے قومی یا علاقائی سطح پر سماجی و اقتصادی پروڈکٹیوٹی میں بہتری کے لیے مثالی کردار ادا کیا ہو۔
ایشین پروڈکٹیوٹی آرگنائزیشن کا قیام 1961 میں ایشیا پیسیفک خطے میں باہمی تعاون کے ذریعے پیداواری صلاحیت بڑھانے کے لیے کیا گیا تھا۔
یہ تنظیم صنعت، زراعت، سروس اور پبلک سیکٹرز میں پالیسی ایڈوائزری سروسز کے ذریعے خطے کی پائیدار سماجی و اقتصادی ترقی کے لیے کوشاں ہے۔