صوبائی وزیر برائے زراعت خیبرپختونخوا میجر ریٹائرڈ سجاد بارکوال نے کہا ہے کہ نسوار غریبوں کا نشہ ہے، نسوار کا استعمال شرعی طور مباح (جس سے متعلق واجب، حرام، مستحب یا مکروه میں سے کوئی حکم بیان نہ ہوا ہو) ہے۔
میجر ریٹائرڈ سجاد بارکوال نے خیبرپختونخوا اسمبلی کے اجلاس میں فنانس بل میں ترمیم پر بحث کرتے ہوئے کہا ہے کہ صوبائی حکومت نے نسوار میں استعمال ہونے والے تمباکو پر بھی ٹیکس نافذ کر دیا ہے، جس کا استعمال نہ گناہ ہے اور نہ ہی ثواب ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ شریعت میں نسوار حرام نہیں بلکہ مباح ہے اور مباح چیز حرام ہوتی ہے اور نہ ہی حلال ہوتی ہے۔
واضح رہے کہ کے پی اسمبلی کے اجلاس میں اپوزیشن اراکین ثوبیہ شاہد اور احمد کنڈی نے فنانس بل میں ترامیم جمع کروائی تھیں۔
اپوزیشن اراکین نے مطالبہ کیا تھا کہ نسوار اور سیگریٹ لگژری آئٹم ہیں، ان پر ٹیکس مزید بڑھایا جائے اور پرائیویٹ اسکولوں پر ٹیکس ختم کیا جائے۔
ن لیگی رکن اسمبلی ثوبیہ شاہد کا کہنا تھا کہ تعلیم پر ٹیکس نہ لگایا جائے، کیا یہ بانی کا ویژن نہیں ہے؟ تعلیم پر ٹیکس لگانے کی بجائے تمباکو برآمدات پر ٹیکس بڑھایا جائے جبکہ پرائیویٹ اسکولوں اور کالجوں پر ٹیکسز کا خاتمہ کیا جائے۔